جئے پور ۔ 9 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) نائب صدرجمہوریہ حامد انصاری نے آج درگاہ حضرت خواجہ معین الدین چشتی ؒ ، اجمیر شریف پر حاضری دی اور چادرگل پیش کی۔ ایک سرکاری بیان میں بتایا گیا کہ نائب صدرجمہوریہ نے ملک میں امن، ہم آہنگی اور خوشحالی کے ساتھ ساتھ عوام کی ترقی کیلئے دعا کی۔ راجستھان کے وزیرآبی وسائل سنورلال جاٹ ان کے ہمراہ تھے۔ حامدانصاری نے درگاہ انجمن کمیٹی کے ذمہ داروں سے بھی ملاقات کی جنہوں نے انہیں مومنٹو پیش کئے۔ بلند دروازہ پر درگاہ کمیٹی کے صدر اسرار احمد خاں، ناظم اشفاق حسین نے نائب صدر جمہوریہ کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔
سنگباری اور دولت اسلامیہ کے پرچم پر فوج کی گہری نظر
سرینگر۔/9اکٹوبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) سنگباری کے واقعات اور دولت اسلامیہ کے پرچم کی ایک جلسہ عام میں مبینہ موجودگی پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے فوج نے آج کہا کہ وہ صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور یہ مسئلہ تمام صیانتی محکموں کیلئے انتہائی فکر مندی کی وجہ بن گیا ہے۔ جنرل آفیسر کمانڈنگ 15کور سرینگر لیفٹننٹ جنرل سبھرتا سہا نے کہا کہ سنگباری کے واقعات اسوقت پیش آئے جبکہ راحت رسانی اور بچاؤ کارروائی میں مصروف ہیلی کاپٹرس پر گزشتہ ماہ پانی میں گھرے ہوئے لوگوں کو بچانے کی کارروائی کی جارہی تھی، عوام میں راحت رسانی اور بچاؤ کارروائی میں تاخیر کی بنا پر برہمی پھیل گئی تھی لیکن یہ اکا دکا واقعات تھے جو عوامی برہمی کا اظہار تھے۔ انہوں نے کہا کہ عسکریت پسندوں کے بچاؤ کارروائیوں کے استحصال کی خبریں بے بنیاد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مبینہ طور پر ایک جلسہ عام میں دولت اسلامیہ کا پرچم بھی لہرایا گیا تھا اس سلسلہ میں بھی فوج تحقیقات میں مصروف ہے اور وادی کشمیر کے واقعات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور سیول انتظامیہ کے ساتھ تمام کارروائیوں میں تعاون کررہی ہے۔