جکارتہ ۔ 24 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) ایک انڈونیشیائی مسافر طیارہ جس میں 192 مسافرین جن کا تعلق چین سے تھا اور جو بالی کیلئے محوپرواز تھا، عملہ کے افراد نے جب یہ دیکھا کہ طیارہ کا دروازہ مناسب طریقہ سے بند نہیں ہے لہٰذا طیارہ کو دوبارہ رن وے پر لاکر پرواز منسوخ کردی گئی۔ انڈونیشیاء میں ایئرلائنز خدمات گذشتہ کچھ سالوں سے کسی نہ کسی بحران کا شکار ہیں جبکہ المیہ یہ ہیکہ یہاں کے متعدد جزائر کو باہم جوڑنے کیلئے یا ان تک رسائی کیلئے عوام کے پاس فضائی سفر کے علاوہ کوئی دوسرا متبادل نہیں ہے اور اگر ہے بھی تو عوام فضائی سفر کو زائد ترجیح دیتے ہیں تاہم جہاں تک طیاروں اور مسافروں کی سلامتی کا سوال ہے تو انڈونیشیاء میں اس کا ریکارڈ خاصا ناقص ہے جس کا نتیجہ حالیہ دنوں میں متعدد فضائی حادثوں کی صورت میں سامنے آیا۔ پرواز کے دوران طیارہ کے خود کار نظام نے اشارہ دیا کہ طیارہ کا اگلا دروازہ مکمل طور پر بند نہیں ہے لہٰذا سری وجیہ ایئر کے بوئنگ 737 کو دوبارہ ایرپورٹ کی جانب موڑ دیا گیا۔ پرواز سے قبل خودکار نظام نے بھی دروازہ کے مکمل طور پر بند ہونے کی نشاندہی نہیں کی تھی۔