درعا میں جنگ بندی پراتفاق

بیروت۔ 7 جولائی ۔(سیاست ڈاٹ کام) شامی اپوزیشن اور روسی فوج کے درمیان درعا گورنری میں جنگ بندی کے اعلان کے بعد فریقین نے ایک دوسرے پر بمباری روک دی ہے اور اردن کی سرحد سے متصل ’نصیب‘ گذرگاہ کا کنٹرول بشارالاسد کی وفادار فوج کے حوالے کردیا گیا ہے۔ شامی اپوزیشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ جنگ بندی معاہدے کے تحت اپوزیشن فورسز بھاری ہتھیار سرکاری فوج کے حوالے کریں گی جبکہ شامی فوج حالیہ دنوں میں قبضے میں لیے گئے علاقوں سے بتدریج واپس چلی جائیگی۔ معاہدے کے تحت اردن کی سرحد پر روسی ملٹری پولیس کے دستے تعینات کیے جائیں گے، جب کہ اردن اور شام کے درمیان سرحدی گذرگاہ کا کنٹرول اسد رجیم کے پاس رہے گا۔مزید بتایا گیا ہیکہ مصالحت نہ کرنے والے اپوزیشن گروپوں کو ملک کے شمالی علاقوں میں اپوزیشن کے زیرکنٹرول علاقوں میں بھیجا جائے گا۔ سرکاری فوج سے فرار کے بعد باغیوں میں شامل ہونے والے اہلکاروں کو چھ ماہ کی مہلت دی جائیگی۔کل جمعہ سے جنگ بندی معاہدے کے اعلان کے بعد بھاری توپ خانے اور فضائی حملوں کا سلسلہ روک دیا گیا ہے تاہم بعض مقامات پر چھوٹے ہتھیاروں سے فائرنگ کی آوازیں سنائی دی گئی ہیں۔