درجہ حرارت کے ساتھ ساتھ سبزیوں کی قیمتوں میں بھی اضافہ۔ متوسط طبقہ پریشان

حیدرآباد23 اپریل ( یو این آئی) جیسے جیسے درجہ حرارت میں اضافہ ہوتاجارہا ہے ، ویسے ویسے شہر حیدرآباد میں سبزیوں کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھاجارہا ہے ۔ گزشتہ دس دنوں کے دوران سبزیوں کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ درج کیا گیا ہے اور امکان ہے کہ مئی کے مہینہ میں قیمتوں میں مزید اضافہ ہوجائے گا۔گزشتہ ایک ہفتہ کے دوران ٹماٹر کی قیمت میں سات روپئے فی کیلو کا اضافہ ہوگیا ہے ۔ گزشتہ اتوار کو رعیتو بازار میں فی کیلو ٹماٹر دس روپئے کے حساب سے فروخت کیا گیا تھا تاہم آج اس کی قیمت 17روپئے فی کیلو تک جاپہنچی ہے جبکہ ریٹیل مارکٹ میں اس کی قیمت 20روپئے فی کیلو ہوگئی ہے ۔ سبزیوں کی پیداوار میں کمی کے سبب اس کی قیمتوں میں اچانک اضافہ نے عام آدمی کی مشکل میں اضافہ کردیا ہے اور گھریلوخواتین کا بجٹ اس سے متاثر ہوا ہے ۔عوام کا کہنا ہے کہ ہر طرف سبزی کی قیمتوں میں اضافہ کی صورتحال دیکھی جارہی ہے اور زیادہ سے زیادہ رقم لے جانے پر ان کو کم سے کم سبزی حاصل ہورہی ہے ۔ عام آدمی کا کہنا ہے کہ ہر سال گرما کے موسم میں سبزیوں کی قیمتوں میں اضافہ ہوتا تھا تاہم اس مرتبہ کافی زیادہ اضافہ ہوگیا ہے ۔دوسری طرف یہ کہا جارہا ہے کہ شہر حیدرآباد کو کم سبزیوں کی سپلائی کی جارہی ہے ۔ یہ بھی ان قیمتوں میں اضافہ کی ایک اہم وجہ ہے ۔موجودہ طورپر شہر کو معمول سے کم ہری مرچ فراہم کی جارہی ہے ۔اس کی قیمت پہلی 15روپئے فی کیلو تھی جو اب بڑھ کر شہر کے مختلف رعیتوبازاروں میں 20 تا35روپئے تک جاپہنچی ہے ۔