حیدرآباد۔3مئی(سیاست نیوز) شہر میں ہونے والی نصف گھنٹہ کی بارش نے موسم کو انتہائی خوشگوار کردیا اور درجہ حرارت میں قابل لحاظ گراوٹ ریکارڈ کی گئی ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق حیدرآباد میں صح درجہ حرارت 41 ڈگری تھا لیکن جب نصف گھنٹے کی بارش ہوئی تو اس کے بعد درجہ حرارت میں بھاری گراوٹ ریکارڈ کی گئی ۔ موسم گرما کے گرم ترین ایا م کے دوران ہوئی اس بارش سے شہریوں نے اطمینان کی سانس لی لیکن شہر کے مضافاتی علاقو ںاور اضلاع میں فصلوں کو بھاری نقصان پہنچنے کی اطلاع موصول ہوئی ۔ شہر حیدرآباد میں بارش کے فوری بعد درجہ حرارت 23 ڈگری تک پہنچ گیا اور شام تک بھی سرد ہواؤوں کا سلسلہ جاری رہا ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں رات کے وقت درجہ حرارت 32 رہنے کا امکان ہے اور سرد ہواؤں کا سلسلہ جاری رہنے کی پیش قیاسی کی جا رہی ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ ریاست کے دیگر اضلاع میں بھی موسم کی صورتحال میں تبدیلی ریکارڈ کی گئی ہے اور آئندہ دو یوم کے دوران یہ تبدیلی برقرار رہنے کی توقع ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق شہر حیدرآباد میں جمعہ کے دن بھی بارش کا امکان ہے اور آئندہ تین یوم تک درجہ حرارت 39 ڈگری ہی رہے گا اور اتوار کے بعد سے درجہ حرارت 40 ڈگری ریکارڈ کئے جانے کا امکان ہے۔