دتہ خیل میں فوجی کارروائی، 13 دہشت گرد ہلاک

پشاور ، 20 مئی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کی سکیورٹی فورسز کا دعویٰ ہے کہ قبائلی علاقے شمالی وزیرستان کی تحصیل دتہ خیل میں جٹ طیاروں کی بمباری کے نتیجے میں 13 دہشت گرد مارے گئے، جبکہ یہ اطلاعات بھی موصول ہو رہی ہیں کہ فورسز علاقہ شوال کی جانب پیش قدمی کر رہی ہیں۔ سرکاری ریڈیو نے پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کے حوالے سے چہارشنبہ کی صبح خبر دی ہے کہ شمالی وزیرستان میں بمباری کے نتیجے میں 13 دہشت گرد ہلاک ہوئے اور اس دوران ان کے پانچ ٹھکانے مکمل طور پر تباہ ہو گئے۔ خیال رہے کہ یہ علاقہ پاک افغان سرحد کے قریب واقع ہے اور مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ یہاں عظیم رہنما فقیر ایپی کی درگاہ بھی واقع ہے۔ اطلاعات کے مطابق سکیورٹی فورسز کے اہلکار دتہ خیل سے آگے شوال کے علاقے کی جانب پیش قدمی کر رہے ہیں۔ مقامی ذرائع نے برطانوی نشریاتی ادارہ کو بتایا کہ شوال میں وچہ درہ کے مقام پر بھی سکیورٹی فورسز نے بمباری کی ہے جس میں آٹھ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ شوال کا علاقہ گھنے جنگلات پر مشتمل ہے۔ ایسی اطلاعات بھی ہیں کہ شمالی وزیرستان کے علاقوں میران شاہ، میر علی اور دتہ خیل میں جاری فوجی آپریشن کے بعد سے بیشتر شدت پسند اسی علاقے میں روپوش ہو گئے تھے۔