ریاض ۔ 27 مئی (سیاست ڈاٹ کام) سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے اتوار کے روز مغرب سے قبل مکہ مکرمہ کے قصرِ صفا میں دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان بن محمد بن راشد آل مکتوم اور ان کے ہمراہ وفد کا استقبال کیا۔دبئی کے ولی عہد نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زاید آل نہیان اور نائب صدر شیخ محمد بن راشد آل مکتوم کی جانب سے نیک تمناؤں کا پیغام خادم حرمین شریفین کو پہنچایا۔شیخ حمدان نے اتوار کے روز جدہ میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے بھی ملاقات کی۔ملاقات کے دوران دونوں ملکوں اور ان کے عوام کے درمیان اخوت میں بندھے تاریخی تعلقات کا جائزہ لیا گیا اور مختلف شعبوں میں فریقین کے بیچ تعاون کو ترقی دینے کے تابناک مواقع بھی زیر بحث آئے۔سعودی سرکاری خبر رساں ایجنسی SPA کے مطابق سعودی فرماں روا شاہ سلمان نے کویت کی پارلیمنٹ کے اسپیکر مرزوق بن علی الغانم کا بھی استقبال کیا۔علاوہ ازیں خادم حرمین شریفین نے علماء کرام، مسجد حرام اور مسجد نبوی کے امور کے سربراہ عام شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس اور مسجد حرام کے آئمہ کرام اور مؤذنین کرام کا بھی استقبال کیا۔