دبئی کی وسیع عمارت میں آتشزدگی ‘ کوئی ہلاکت نہیں

دبئی ۔ 2اپریل ( سیاست ڈاٹ کام) ایک زبردست آگ آج علی الصبح ایک 60منزلہ عمارت میں بھڑک اٹھی جو برج خلیفہ کے قریب ہے ۔ برج خلیفہ دنیا کی بلند ترین عمارت ہے ۔ پولیس کے بموجب کسی بھی ہلاکت کی اطلاع نہیں ملی ۔ تین افراد عمارت کے اندر پھنس گئے تھے جنہیں بچالیا گیا ۔ میجر جنرل راشد ثانی المتروثانی ڈائرکٹر دبئی شہری دفاع نے کہا کہ آگ پر قابو پانے تمام ضروری اقدامات کئے گئے ہیں ۔ ٹھنڈی کردینے کی کارروائیاں جاری رہیں گی ۔ متروشی نے مبینہ طور پر روزنامہ ’’خلیج ٹائمز‘‘ سے کہا کہ عمارت جس کا نام ریسیڈنس فاؤنٹین ویوز ‘‘ زیر تعمیر تھی اور اپریل 2018ء تک مکمل ہونے کے اطلاعات تھے ۔ دبئی کے ذرائع ابلاغ کے دفتر کے بموجب عہدیداروں نے توثیق کی ہے کہ آگ پر قابو پالیا گیا ۔ میجر جنرل عبداللہ خلیفہ المیری دبئی پولیس کمانڈر انچارج بھی موقع واردات پر موجود تھے اور نقصانات کا جائزہ لینے کے علاوہ صورتحال کا تجزیہ کررہے تھے ۔ محمد جسیم جو اس کے مقابل ایک عمارت میں رہتے ہیں کہا کہ ان کا خاندان پولیس کاروں اور فائر انجنوں کی سائرنوں کی آواز پر جاگ اٹھا ‘ جلد ہی اسے احساس ہوگیا کہ قریبی زیر تعمیر عمارت میں آگ بھڑک اٹھی ہے ۔ عینی شاہدین نے بھی دیکھا کہ ہیلی کاپٹر ٹیمیں فائر انجنوں کے ساتھ موقع واردات پر موجود تھیں ۔ پورے علاقہ احاطہ کرلیا گیا تھا اور آگ بجھانے کی کوشش جاری تھی ۔ آتشزدگی کے نتیجہ میں اس علاقہ میں ٹریفک روک دی گئی اور آگ بجھانے کی کوشش شروع کردی گئی ۔ کئی سڑکیں بند کردی گئی تھیں اور لوگوں سے دوسرا راستہ اختیار کرنے کیلئے کہا جارہا تھا ۔