دبئی ۔ 10 ۔ مئی : ( سیاست ڈاٹ کام ) : متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی کے مضافات میں ایک تیز رفتار بس موٹروے پر ٹہری ہوئی لاری سے ٹکرا کر الٹ گئی جس کے نتیجہ میں اس کے 15 مسافر ہلاک ہوگئے جو ایشیائی ممالک کے شہری بتائے گئے ہیں ۔ سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق مصروف ترین امارات روڈ پر یہ بدترین حادثہ پیش آیا ۔ یہ شاہراہ دبئی سے گذرتی ہوئی ابوظہبی کو شمالی متحدہ عرب امارات سے مربوط کرتی ہے ۔ پولیس نے روئیہ میں پیش آئے اس المناک حادثہ کے مہلوکین کی شہریت کی فوری طور پر شناخت نہیں کی ہے ۔ مہلوکین میں اکثر ایشیائی ممالک کے شہری ہیں ۔ 22 ملین کی مجموعی آبادی والے اس ملک میں ایشیائی شہریوں کی اکثریت ہے ۔۔