دبئی میٹرو ریل کے طرز پر حیدرآباد میٹرو ریل کی خدمات

حیدرآباد ۔ 17 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : شہر حیدرآباد کے باوقار حیدرآباد میٹرو ریل پراجکٹ کو کامیاب بنانے کے لیے دبئی میٹرو ریل کے فارمولہ کو اپنایا جائے گا ۔ یہ بات چیف انجینئر حیدرآباد میٹرو ریل محمد ضیا الدین نے بتائی ۔ انہوں نے کہا کہ دوبئی میٹرو کی اہم اور جدید کارکردگی کے طریقوں کو حیدرآباد میٹرو ریل پراجکٹ میں نافذ کیا جائے گا ۔ انہوں نے اپنے 10 روز بین الاقوامی دورہ کے بعد ان خیالات کا اظہار کیا ۔ دوبئی میں پبلک ٹرانسپورٹ پر 10 روزہ تربیتی پروگرام منعقد ہوا تھا جس میں حیدرآباد سے جناب محمد ضیا الدین نے شرکت کی تھی ۔ اور دوبئی میٹرو پر اپنی تفصیلی اسٹڈی کے بعد انہوں نے فیصلہ کیا کہ حیدرآباد میٹرو ریل میں دوبئی میٹرو کے طریقہ کو اپنایا جائے ، سڑکوں پر ٹرافک کے بہاؤ کو آسان بنانے اور پبلک ٹرانسپورٹ نظام کے ذریعہ عوام کو سہولیات فراہم کرنے کے اقدامات جاری ہیں ۔ تاہم سڑکوں پر ٹریفک کے ساتھ ساتھ ٹرینوں میں ٹرافک بہاو کو آسان کرنے دوبئی میٹرو فارمولہ کافی کار آمد ثابت ہوگا ۔ انہوں نے مثال دیتے ہوئے بتایا کہ طویل فاصلہ کی ٹرین کو مسافرین کی کثرت کے لحاظ سے درمیان سے رخ موڑ دیا جائے گا اور اس مقام سے دوسری ٹرین اس مسافت کو طے کرے گی اور ایک رخ اور مسافرین کی تفصیلات کی اسٹڈی کے بعد ہی یہ فیصلہ لیا جائے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ حیدرآباد میٹرو ریل پراجکٹ کو جو فی الحال 72 کیلو میٹر پر محیط ہے ۔ اس کو وسعت دینے کی تجویز زیر غور ہے ۔ انہوں نے امکان ظاہر کیا کہ میاں پور سے پٹن چیرو تک اس روڈ کو وسعت دی جاسکتی ہے ۔ حیدرآباد میٹرو ریل پراجکٹ میاں پورتا ایل بی نگر جوبلی بس اسٹیشن تا فلک نما اور ناگول تا شلپارامم کام کیا جارہا ہے ۔۔