کینسر سے بچاؤ ، زیادہ گھنی داڑھی سے جلد محفوظ
دبئی ۔28 اگسٹ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) داڑھی کے بارے میں مختلف دعوئے کئے جاتے ہیں لیکن یہ ایک حقیقت ہے کہ داڑھی رکھنے والے افراد ہی زیادہ مقبول ہیں اور داڑھی رکھنے کے کئی فوائد بھی ہیں۔ کوئنز لینڈ یونیورسٹی کے سائنس دانوں نے ایک نئے تحقیقی مطالعے میں انکشاف کیا ہے کہ مردوں کی داڑھی ان کی صحت کیلئے مفید ہوتی ہے۔ مذکورہ تحقیق میں یہ حیرت انگیز بات بتائی گئی ہے کہ داڑھی 90 سے 95% الٹرا وائلِٹ شعاعوں سے حفاظت کرتی ہے۔ یہ تیز دھوپ سے بھی انسان کی حفاظت کرتی ہے اور بڑھاپے کی علامات بالخصوص چہرے پر جھرّیوں کو جلد ظاہر نہیں ہونے دیتی۔ داڑھی چہرے کو جواں رکھنے کا ذریعہ ہے۔علاوہ ازیں یہ جلد کے سرطان (کینسر) کے خطرے کو بھی خاطر خواہ حد تک کم کرتی ہے۔بعض اعداد و شمار اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ ’’داڑھی‘‘ والا شخص بغیر داڑھی والے سے زیادہ پرکشش ہوتا ہے۔ اس سے قبل ایک تحقیقی مطالعے میں یہ بات بھی سامنے آ چکی ہے کہ داڑھی والے مردوں کی جانب خواتین کا میلان زیادہ ہوتا ہے۔حالیہ تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ داڑھی چھوٹے یا کمزور چہرے کے خدوخال کی تلافی کر سکتی ہے۔ محققین کے مطابق ’’ایسے داڑھی والے چہرے جن کی تصاویر میں جبڑے کو چھوٹا کرنے کے لیے ترمیم کی گئی تھی وہ زیادہ پرکشش تھے۔ دوسرے نمبر پر وہ داڑھی والے چہرے تھے جن کے جبڑے کے حجم میں کوئی ترمیم نہیں کی گئی اور یا پھر بڑے جبڑے کے ساتھ بغیر داڑھی والے چہرے تھے۔ البتہ چھوٹے جبڑوں کے ساتھ داڑھی منڈھے چہرے سب سے کم پُرکشش نظر آئے‘‘۔ایک اور پہلو یہ بھی سامنے آیا کہ سورج کی مضر کرنوں سے حفاظت کیلئے داڑھی جس قدر گھنی ہوگی ، اُتنا ہی فائدہ ہوگا ۔