اسلام آباد 7 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان نے آج کہا کہ حکومت ہند نے پارلیمنٹ میں انڈر ورلڈ ڈاون داود ابراہیم کے پتہ سے لا علمی کا اظہار کرتے ہوئے تحریری جواب دیا ہے ۔ اس سے پاکستان کے اس موقف کی توثیق ہوگئی ہے کہ مفرور مجرم پاکستان کی سرزمین پر نہیں ہے ۔ وزارت خارجہ پاکستان کے حال ہی میں مقرر کردہ نئے ترجمان قاضی خلیل اللہ نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ہم یہی کہہ رہے تھے کہ داود ابراہیم کا پتہ پاکستان نہیں جانتا اورآخر کار اس کا اعتراف اُس فریق نے بھی کرلیا جو اس مسئلہ پر پاکستان پر الزام عائد کرتا رہا تھا ۔ منگل کے دن حکومت ہند کو مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ ہری بھائی پارتھی بھائی چودھری کے اس تحریری بیان سے پریشانی لاحق ہوگئی تھی کہ ہندوستان کو انتہائی مطلوب دہشت گرد داود ابراہیم کا پتہ حکومت ہند کو نہیں معلوم اور پتہ معلوم ہوتے ہی اس وقت تحویل میں لینے کی کارروائی کا آغاز کیا جائے گا۔