دالوں کی قیمت میں اضافہ پر قابو پانے طویل مدتی اقدامات کی ضرورت : بایاں بازو

نئی دہلی ۔ 10 جون (سیاست ڈاٹ کام) بائیں بازو کی پارٹیوں کے کاشتکار شعبہ نے آج مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ طویل مدتی اقدامات کئے جائیں تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ ہندوستان خودمکتفی ہوجاتا ہے اور دالوں کی پیداوار کافی مقدار میں ہوتی ہے۔ یہ مطالبہ مرکزی کابینہ کے آج کے فیصلہ کی بناء پر کیا گیا ہے جس نے دالوں کی درآمد کا ارادہ ظاہر کیا گیا ہے تاکہ دالوں کی بڑھتی ہوئی قیمت پر قابو پایا جاسکے۔ حکومت کے فیصلہ کا حوالہ دیتے ہوئے مطالبہ میں کہا گیا ہیکہ دالیں ہر سال درآمد کی جارہی ہیں۔ ہمارے ملک میں دالوں کی پیداوار ہمیشہ ہماری ضروریات سے کم رہی ہے اس لئے ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ حکومت دالوں کی پیداوار میں اضافہ کریں اور اس سلسلہ میں طویل مدتی حکمت عملی تیار کی جائے تاکہ ملک دالوں کے سلسلہ میں خودمکتفی ہوجائے۔ آل انڈیا کسان سبھا کے سکریٹری جنرل حنان ملا نے جو سی پی آئی ایم کے پولیٹ بیورو رکن بھی ہیں، کہا کہ اس سلسلہ میں ایک قانون بھی منظور کیا جانا چاہئے چونکہ یہ معاملہ عجلت کا متقاضی ہے اس لئے قانون بھی جلد ہی بنایا جانا چاہئے۔