نئی دہلی ۔ 8 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ملک بھر میں ریٹیل مارکٹس میں دالوں کی قیمت میں بتدریج کمی آرہی ہے لیکن حکومت نے دالوں کا ذخیرہ کرنے والے تاجروں کو کھلی چھوٹ دے رکھی ہے۔ وزیراغذیہ رام ولاس پاسوان نے کہا کہ حکومت تاجروں پر کوئی حد مقرر کرنا نہیں چاہتی۔ حکومت کسانوں سے دالیں خریدیں گی۔ اگر اندرون ملک دالوں کی قیمت میں کمی آگئی تو کسانوں کو اقل ترین امدادی قیمت دی جائے گی۔ وہ وزیرفینانس ارون جیٹلی کی زیرقیادت وزراء کے گروپ کے اجلاس کے بعد اخباری نمائندوں سے بات کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ چیف اکنامک اڈوائزر کی قیادت میں کمیٹی نے دالوں پر ابتدائی تحقیقات کی ہے۔ جولائی میں دالوں کے تعلق سے ایک طویل مدتی پالییس بنائی گئی تھی اور دالوں کی پیداوار کو فروغ دینے پر زور دیا گیا تھا۔ حالیہ دنوں میں ملک کے اندر دالوں کی قیمتوں میں کمی آئی ہے۔ اس وقت بڑے شہروں میں دال کی قیمت 115 سے لیکر 170 روپئے فی کیلو گرام ہیں۔ مونگ کی دال کی قیمت بھی کم ہوگئی ہے۔ وزیرفینانس نے بھی تیقن دیا ہیکہ قیمتوں کو مستحکم کرنے کیلئے مقرر کردہ فنڈ میں کوئی کمی نہیں کی جائے گی۔ اس موقع پر وزیرزراعت بھی موجود تھے ۔