موزمبیق سے یادداشت مفاہمت پر دستخط، وزیر اغذیہ رام ولاس پاسوان کا بیان
نئی دہلی 28 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر اغذیہ رام ولاس پاسوان نے کہاکہ حکومت نے دالوں کی درآمدات کے لئے ماینمار اور بعض افریقی ملکوں سے مشاورت کی ہے، حکومت سے حکومت رابطہ کے ذریعہ دالوں کو درآمد کیا جائے گا۔ اندرون ملک دالوں کی سربراہی کو یقینی بناتے ہوئے قیمتوں کی جانچ کی جائے گی۔ اس خصوص میں موزمبیق سے پہلے ہی ایک یادداشت مفاہمت پر دستخط ہوچکی ہے۔ اندرون ملک دالوں کی سربراہی میں کمی کو دور کرنے کے لئے موزمبیق سے دالیں درآمد کی جارہی ہیں۔ اس کے باوجود ملک کے اندر دالوں کی طلب میں 7.6 ملین ٹن دالوں کی سربراہی کا فرق پایا جاتا ہے۔ ماینمار کے علاوہ افریقہ کے چند ملکوں سے بات ہورہی ہے کہ وہ حکومت سے حکومت کے درمیان معاہدہ کرکے دالیں سربراہ کریں۔ ہندوستان میں دالوں کی قلت پر قابو پانے دیگر ملکوں سے درآمدات کو یقینی بنایا جارہا ہے۔ ریاستی ملکیت کے اداروں کی جانب سے 56000 ٹن دالیں فروخت کا معاہدہ کیا گیا ہے۔ ان میں سے 21,584 ٹن دالیں پہونچ چکی ہیں۔ عوامی اور خانگی ایجنسیوں کے ذریعہ تقریباً 5.8 ملین ٹن دالیں درآمد کی جارہی ہیں۔ اس طرح کے اقدامات کے باوجود ملک کے اندر دالوں کی طلب میں 17 ملین ٹن کا فرق پایا جاتا ہے۔ ماضی میں دو سال کی فصلیں تباہ ہوگئی تھیں۔ مسلسل خشک سالی نے ملک میں دالوں کی پیداوار کو متاثر کیا ہے۔ وزیر اغذیہ رام ولاس پاسوان نے کل ہی پارلیمنٹ میں بیان دیا تھا کہ ملک میں صرف دالوں کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے ماباقی اشیاء کی قیمتیں کم ہیں۔