حیدرآباد۔ یکم جولائی (سیاست نیوز) کانگریس کے رکن قانون ساز کونسل محمد فاروق حسین نے داغدار قائد کی جیل سے ضمانت پر رہائی کے موقع پر جلوس کی شکل میں خیرمقدم کی روایت کو سماج کے لئے نقصاندہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے بدعنوانی کو فروغ حاصل ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ نوٹ برائے ووٹ معاملے میں تلگودیشم رکن اسمبلی ریونت ریڈی، ٹی آر ایس کے نامزد رکن اسمبلی اسٹیفن سے سودے بازی کرتے ہوئے 50 لاکھ روپئے کے ساتھ اے سی بی کے جال میں پھنس گئے تھے، جس کا ویڈیو فوٹیج تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے بشمول ملک کے عوام نے بھی دیکھا، اس کے باوجود ایسے قائدین کا زندہ باد کے نعروں کی گونج میں خیرمقدم کرنا اور ریلی نکالنا ہندوستانی تہذیب کے مغائر ہے۔ انھوں نے کہا کہ تلگودیشم پارٹی اپنی حرکات سے شاید یہ پیغام دینا چاہتی ہے کہ رشوت خوری عام ہونی چاہئے۔ انھوں نے کہا کہ صدر تلگودیشم این چندرا بابو نائیڈو اصول، اخلاق، رشوت کے خاتمہ اور سماجی انصاف پر گھنٹوں لیکچر دیتے ہیں، لہذا ان کی ذمہ داری تھی کہ وہ اپنے کارکنوں کو اس قسم کی حرکت سے روکتے اور باعزت بری ہونے تک ریونت ریڈی کو پھولوں کا ہار پہننے سے باز رکھتے، لیکن انھوں نے ریونت ریڈی کا خیرمقدم کرکے ان کے سودے بازی اور رشوت ستانی کی تائید کی ہے، جب کہ ریونت ریڈی خود کو ہیرو بناکر پیش کر رہے ہیں۔ مسٹر فاروق حسین نے میڈیا کو جمہوریت کا چوتھا ستون قرار دیتے ہوئے کہا کہ سماجی برائیوں کا پردہ فاش کرنے کی بجائے میڈیا بھی ملزمین کو ہیرو بناکر پیش کر رہا ہے۔ انھوں نے میڈیا سے گزارش کی کہ سماج دشمن عناصر، بدعنوان قائدین اور رشوت ستانی کے مرتکبین کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں اور ان کی تائید ہرگز نہ کریں۔