داعش کے پاس 2سال تک جنگ لڑنے کی صلاحیت

نیو یارک۔ 19 نومبر۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) اقوام متحدہ نے خبرادر کیا ہے کہ اسلامک اسٹیٹ کے پاس شام اور عراق میں دوسال تک جنگ کے لئے بڑی تعداد میں چھوٹے ہتھیار، گولہ بارود اور گاڑیاں موجودہیں۔ دوسری جانب داعش کی دھمکی کے بعد سعود ی عرب میں سرکاری عمارتوں کی سکیورٹی انتہا ئی سخت کر دی گئی ہے۔اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کیلئے تیار کی گئی رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ اسلامک اسٹیٹ کے پاس دوسال تک لڑنے کیلئے ہتھیار موجود ہیں ،اس کے پاس شام اور عراق میں جنگ کیلئے بڑی تعداد میں چھوٹے ہتھیار، گولہ بارود اور گاڑیاں موجود ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آئی ایس آئی ایس کیخلاف امریکہ کی قیادت میں ہونے والے حملوں میںتنظیم کی گاڑیوں اور بھاری ہتھیاروں کو تباہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے،لیکن اسکے، ہلکے ہتھیاروں کی بڑی تعداد اور ان کے اثرات کو کم نہیں کیا جا سکتا۔اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ داعش نہ صرف سب سے زیادہ فنڈ حاصل کرنے والی تنظیم ہے بلکہ اس کے پاس بہترین ہتھیار بھی ہیں۔دوسری جانب سعودی عرب میں سرکاری ذرائع نے خدشات کا اظہار کیا ہے کہ سرکاری عمارتوں کی سکیورٹی سخت کئے جانے کے بعد اسلامک اسٹیٹ کے دہشت گرد فرقہ ورانہ فسادات کا سلسلہ شروع کر سکتے ہیں۔ گزشتہ ہفتے داعش کے سربراہ ابوبکر البغدادی نے سعودی عرب کے شاہی خاندان کے افراد پر حملوں کا اشارہ دیا تھا۔سعودی وزارت داخلہ کے ترجمان کا کہناہیکہ داعش اور القاعدہ جیسی تنظیمیں سعودی مملکت کے خلاف دہشت گردانہ کارروائیوں یا منظم جرائم کرنے کی کوششوں میں ہیں۔