واشنگٹن ، 2 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) صدر اوباما نے ایک انٹرویو میں جو آج نشر کیا گیا، یہ تسلیم کیا ہے کہ اسلامک اسٹیٹ کے پاس کم از کم ایک امریکی یرغمال موجود ہے اور کہا کہ اُن کا نظم و نسق اپنے یرغمال شہری کو پتہ
چلانے کیلئے ’’تمام تر وسائل بروئے کار‘‘ لا رہا ہے۔ صدر موصوف نے یہ باتیں ٹی وی چیانل این بی سی کے ’’ٹوڈے‘‘ شو کو انٹرویو میں بتائی ہیں۔ اوباما نے یرغمالی بحران کی صورتحال کے بارے میں مختصر بات کی، جس میں انھوں نے ماضی اور حال کے حالات کا تذکرہ کرتے ہوئے خصوصیت سے ایک خاتون یرغمال اور عمومیت سے تمام یرغمالیوں کا حوالہ دیا۔ اسلامک اسٹیٹ (داعش) نے پہلے ہی تین یرغمال امریکی شہریوں کو قتل کردیا ہے۔ اوباما نے کہا، ’’ہم ممکنہ حد تک تمام تر وسائل کا استعمال کررہے ہیں، تمام اتحادی حلیفوں کے ساتھ ربط میں ہیں۔ ہم نے یرغمال شہری کی فیملی کے ساتھ بھی قریبی رابطہ برقرار رکھا ہوا ہے۔ اور انھیں تازہ صورتحال سے باخبر رکھنے کی کوشش کررہے ہیں۔ ظاہر ہے یہ لوگوں کیلئے بہت دل شکن صورتحال ہے۔ اور ہمارا فرض ہے کہ کسی بھی امریکی شہری کو ایسی صورتحال سے باہر نکالا جائے’’۔