واشنگٹن۔ 4 اکٹوبر ۔ (سیاست ڈاٹ کام) شام میں اور عراق میں سرگرم اسلامی شدت پسند تنظیم دولت اسلامی ’’داعش‘‘کے ٹھکانوں پر اتحادی فوج کے فضائی حملے بدستور جاری ہیں۔ گزشتہ دو روز میں سعودی عرب، امریکہ اور متحدہ عرب امارات کے جنگی طیاروں نے شام میں داعش کے ٹھکانوں پر 6 حملے کئے اور شدت پسند گروپ کو بھاری جانی اور مالی نقصان سے دوچار کیا گیا ہے۔ امریکی سنٹرل کمانڈ کے مشرق وسطیٰ اور وسطیٰ ایشیا مرکز ’’سینٹ کام‘‘کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ اتحادی فوجوں نے جمعرات اور جمعہ کے روز شام میں داعش کے ٹھکانوں پر چھ فضائی حملے کیے۔بیان میں بتایا گیا ہے کہ شام کے شمال مشرقی شہر حسکہ میں داعشی جنگجوؤں کے مختلف مراکز پر بمباری کر کے انہیں تباہ کردیا گیا۔ مشرقی شہر دیرالزور میں فضائی حملے میں داعش کے دو ٹینک تباہ کر دیئے گئے۔شمالی شہر الرقہ میں داعشی جہادیوں کے ایک مالیاتی مرکز کو بمباری سے تباہ کیا گیا۔ اس کے علاقے میں داعش کا ایک تربیتی مرکز بھی تباہ کیا گیا ہے۔ شمال مشرقی شہر حلب میں داعش کے زیر استعمال ایک رہائشی عمارت کو نشانہ بنایا گیا۔ الرقہ میں داعش کے توپخانے پر بمباری کی گئی تاہم نشانہ خطا ہونے سے توپخانے کو کوئی زیادہ نقصان پہنچ سکا ہے۔ سینٹ کام کے بیان کے مطابق تازہ فضائی حملوں میں امریکی فوج کے علاوہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے جنگی طیاروں نے بھی حصہ لیا۔ادھر عراق میں بھی اتحادی فوج نے سرحدی علاقہ السنجار میں داعش کے ٹھکانوں پر بمباری کرکے دو گاڑیوں کوتباہ کردیا۔ فلوجہ میں بھی بمباری میں دو فوجی گاڑیوں کی تباہی کی اطلاعات ہیں۔ عراق میں بمباری میں بغیر پائلٹ کے طیارں نے بھی حصہ لیا۔