یروشلم ۔ 9 ۔ ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) اسرائیل کے وزیر دفاع موشے یالون نے عالمی انٹلیجنس ایجنسیوں پر زور دیا ہے کہ وہ جہادی گروپ داعش کے خلاف متحدہ طور پر کام کریں۔ انہوں نے پبلک ریڈیو پر کہا کہ داعش کی پیشرفت روکنے کیلئے متحدہ کوششیں ضروری ہیں۔ ہمیں 9/11 واقعہ سے یہ سبق ملا ہے کہ دنیا بھر میں انٹلیجنس ایجنسیوں کے مابین باہمی تعاون ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ تمام انٹلیجنس ایجنسیاں اپنا تجربہ ایک دوسرے کے ساتھ شامل اور باہمی تعاون کو یقینی بناتے ہوئے داعش کی سرگرمیوں پر کنٹرول کرسکتی ہیں۔ صدر امریکہ بارک اوباما نے جمعہ کو داعش سے نمٹنے کیلئے عالمی اتحاد کی ضرورت پر زور دیا تھا ۔اس کے علاوہ وہ 24 ستمبر کو اقوام متحدہ سلامتی کونسل اجلاس کی صدارت بھی کرنے والے ہیں جو اسی موضوع پر ہوگا۔ واضح رہے کہ داعش نے عراق اور پڑوسی ملک شام میں بیشتر علاقوں پر قبضہ کرلیا ہے اور یہاں اسلامی حکومت کے قیام کا اعلان کیا ہے۔