واشنگٹن ۔ 23 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) شدت پسند تنظیم داعش نے امریکہ کے 100فوجیوں کی فہرست جاری کرتے ہوئے انہیں قتل کرنے کی دھمکی دی ہے، امریکی ڈیٹا بیس ہیک کرنے کا دعوی بھی کیا ہے۔ امریکی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ وہ ان دھمکیوں کی تحقیقات کررہے ہیں۔ برطانوی خبر ایجنسی کے مطابق شام اور عراق میں سرگرم شدت پسند تنظیم داعش نے امریکہ کے سو فوجیوں کی فہرست جاری کی ہے، جنہیں مارنے کے لیے اس نے اپنے حامیوں کو حکم جاری کردیا ہے، یہی نہیں داعش نے یہ دعوی بھی کیا ہے کہ ان فوجیوں کی تفصیلات اس نے انٹرنیٹ سرورز اور ڈیٹا بیس کو ہیک کرکے حاصل کی ہے۔ داعش نے امریکہ میں موجود اپنے حامیوں سے کہا ہے کہ وہ آگے بڑھیں اور ان لوگوں سے نمٹیں۔ ادھر امریکی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ وہ ان دھمکیوں کی تحقیقات کررہے ہیں کہ کیا یہ دھمکی داعش نے ہی دی ہے، اس کی تحقیقات جاری ہیں، البتہ امریکی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ جن فوجیوں کی معلومات جاری کی گئی ہیں وہ پہلے سے انٹرنیٹ پر موجود ہیں۔ ادھر امریکی بحریہ نے اپنے فوجیوں کو الرٹ کردیا ہے کہ وہ پنی آن لائن سرگرمیوں پر نظر رکھیں اور خانگی سیٹنگز بھی تبدیل کریں۔