داعش کی حرکتیں اسلامی شریعت کے مغائر : وزیراعظم ملائیشیا

کوالالمپور ۔ 28 اگسٹ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) ملائیشیا کے وزیراعظم نجیب رزاق نے مملکت اسلامی برائے عراق و شام (داعش) کی پرزور مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس گروپ کی حرکتیں پیغمبر اسلام کی تعلیمات کے مغائر ہے اور اسلامی شریعت کے خلاف جارہی ہیں۔ نجیب نے کہا کہ شام اور عراق میں اسلامک اسٹیٹ کے اقدامات ہمارے عقیدے ، ہمارے کلچر اور ہماری مشترک انسانیت کے اصولوں کو توڑ رہے ہیں ۔ داعش القاعدہ سے علحدہ شدہ گروپ ہے جس نے عراق و شام میں سینکڑوں مربع میل حصوں پر قبضہ کرلیا ہے ۔

بوسٹن دھماکہ کیس
ملزمین کی بہن گرفتار
نیویارک ۔ 28 اگسٹ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) بوسٹن مراتھن بم دھماکے کے مشتبہ ملزمین کی بہن کو نیویارک میں بم دھماکے کی دھمکی دینے کے شبہ میں گرفتار کرلیا گیا ہے ، پولیس نے یہ بات کہی۔ نیویارک پولیس ڈپارٹمنٹ ترجمان نے بتایا کہ 24 سالہ ایلینا سارنیوا ساکن نارتھ برجن ، نیوجرسی کو گرفتار کرتے ہوئے ہراسانی کا الزام عائد کیا گیا ہے ۔ وہ زوقر اور تمرلین سارنیف کی بہن ہے جن پر اپریل 2013 کے بم دھماکے انجام دینے کا شبہ کیا گیا تھا ۔ مراتھن کے اختتامی مقام کے قریب پیش آئے دھماکہ میں تین افرادہلاک اور 264 دیگر زخمی ہوگئے تھے۔