’’داعش ‘‘ کیمیائی حملے کرسکتا ہے :وزیر خارجہ روس

جنیوا۔ 2 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) روس نے خبردار کیا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں سرگرم دہشت گرد گروپ ’’داعش‘‘ اور دوسری انتہا پسند تنظیمیں اپنے مقاصد کیلئے کیمیائی ہتھیار استعمال کرسکتی ہیں۔ جنیوا میں نیوکلیئر ہتھیاروں کی کمی سے متعلق منعقدہ عالمی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے روسی وزیرخارجہ سرگئی لاروف نے داعش کو دورِ حاضر کا بدترین خطرہ قرار دیتے ہوئے اس سے نمٹنے کیلئے نئے عالمی معاہدے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ عرصے میں سامنے آنے والی تحقیقات سے یہ پتہ چلا ہے کہ داعش اور دوسرے دہشت گرد گروپ نہ صرف زہریلا اسلحہ تیار کررہے ہیں بلکہ انہوں نے شام اورعراق میں اُن ہتھیاروں کواستعمال بھی کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شام اور عراق میں دہشت گردوں کے جرائم کی مثالیں اب یمن اور لیبیا میں بھی دیکھنے کو مل رہیں جو نہایت خطرناک رحجان ہے۔