داعش کیخلاف زمینی کارروائی کو خارج از امکان نہیں : اوباما

واشنگٹن۔ 6نومبر۔ (سیاست ڈاٹ کام )صدر امریکہ براک اوباما نے داعش گروہ کے خلاف امریکی فوج کی زمینی کارروائی کو خارج از امکان قرار نہیں دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ کانگریس سے اجازت حاصل کرنا چاہتے ہیں تاکہ بری افواج عراق اور شام میں داعش کے خلاف کارروائی کرسکیں۔ یہ بیان اوباما نے وسط مدتی انتخابات کے ایک دن بعد دیا ہے۔ واضح رہے کہ ان انتخابات کے نتیجے میں ریپبلکن پارٹی کو 2006ء کے بعد پہلی بار کانگریس کے دونوں ایوانوں میں اکثریت حاصل ہوئی ہے جس کے نتیجے میں ڈیموکریٹک پارٹی سے تعلق رکھنے والے اوباما کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔اس سے پہلے اوباما نے عراق اور شام میں داعش کے مورچوں پر فضائی حملے کئے جانے کا حکم دیا تھا، تب وائٹ ہاؤس نے کانگریس سے اجازت نہیں لی تھی بلکہ 2001 ء میں 9/11 حملوں کے بعد جاری کردہ اجازت نامہ کی بنیاد پر اقدامات کئے تھے۔