لندن، 5 سپٹمبر (سیاست ڈاٹ کام) برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے کہا ہے عراق اور شام میں لڑنے والے انتہا پسندوں کی تنظیم داعش کو تاوان کی ادائیگی کرنا اس کے خلاف اپنی شکست کو تسلیم کرنے کے مترادف ہو گا۔ یہ بات کیمرون نے ویلز میں نیٹو قائدین سے خطاب کرتے ہوئے کہی ہے۔ کیمرون نے کہا، ’’ اعلامیے پر آپ کے دستخط مسئلہ نہیں ہے ، لیکن میں یہ کہوں گا کہ دہشت گرداغوا کاروں کو رقم کی ادائیگی نہ کرنے دی جائے کہ یہ رقم ان کے ہاتھ لگ گئی تو اس سے وہ اسلحہ خریدیں گے اور اس اسلحے سے مزید لوگوں کو اغوا کریں گے‘‘۔ برطانوی وزیر اعظم نے یہ بات G-8 کی طرف سے پچھلے سال دستخط کی گئی دستاویز کی خلاف ورزی کے واقعات سامنے آنے کے بعد کہی ہے۔ انہوں نے کہا، ’’ یہ مکمل طور پر خود کو شکست دینا ہے‘‘۔ تاہم کیمرون نے اس موقع پر ان ممالک کا نام نہیں لیا جنہوں نے مبینہ طور پر جی ایٹ کی دستاویز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دہشت گردوں کو تاوان دیا ہے۔ برطانیہ کے معروف اخبار گارجین کے مطابق ڈیوڈ کیمرون غصے میں لگ رہے ہیں۔ اخبار کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ فرانس، اسپین اور اٹلی نے حالیہ دنوں میں جی ایٹ ممالک کی دستاویز کی خلاف ورزی کی ہے۔