داعش کا کمانڈر لاہور میں گرفتار ،ملزم کا امریکی رابطوں کا اعتراف

اسلام آباد ، 29 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے سب سے گنجان آباد صوبے پنجاب کے صدر مقام لاہور میں گذشتہ ماہ گرفتار داعش کے مبینہ کمانڈر یوسف السلفی نے امریکہ میں رابطوں اور فنڈز ملنے کااعتراف کیا ہے۔ تحقیقات سے باخبر ذرائع نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر مقامی اخبار ’ایکسپریس‘ کو بتایا کہ یوسف السلفی نے تفتیش کے دوران انکشاف کیاکہ پاکستان میں تنظیم کو چلانے اور شام میں لڑائی کیلئے نوجوانوں کی بھرتی کیلئے اسے رقوم ملتی رہی ہیں۔ ان ذرائع نے بتایا کہ پاکستانی نژاد شامی یوسف السلفی ترکی کے راستے پانچ ماہ پہلے پاکستان میں داخل ہوا تھا۔ وہ ترکی میں پکڑا بھی گیا، لیکن وہاں سے فرار ہو کر پاکستان پہنچ گیا۔ ان ذرائع نے بتایا کہ سلفی کو امریکہ سے فنڈز ملنے کا معاملہ امریکی وزیر خارجہ جان کیری کے حالیہ دورہ اسلام آبادکے دوران بھی اٹھایا گیا۔ امریکی سنٹرل کمان کے سربراہ جنرل لائیڈ آسٹن کے دورہ اسلام آباد کے دوران بھی یہ معاملہ اٹھایا گیا۔ اخبار کے مطابق سلفی نے تفتیش کے دوران اعتراف کیا کہ وہ ایک پاکستانی امام مسجد کے ساتھ مل کر شام میں لڑائی کیلئے نوجوانوں کو بھرتی کرتا تھا اور ہر بھرتی پر اسے 600 ڈالر ملتے تھے۔ ان ذرائع نے بتایا کہ امریکہ شدت پسند تنظیم داعش اور اسلامک اسٹیٹ کی سرگرمیوں کی سخت مذمت تو کرتا ہے لیکن ان تنظیموں کو اپنے ملک سے فنڈنگ نہیں رکوا سکا۔ ان ذرائع نے کہا امریکہ کویہ تاثر زائل کرنا ہو گا کہ وہ اپنے مفادات کیلئے مذکورہ گروپ کو رقوم دے رہا ہے اور یہی وجہ ہے کہ وہ تنظیم کیخلاف عراق میں تو کارروائی کرتا ہے لیکن شام میں نہیں۔ یہ بھی اطلاعات ہیں کہ داعش دوسرے ممالک کے علاوہ لیبیا، افغانستان، پاکستان اور ہندوستان کے شہریوں کو شام میں لڑائی کیلئے بھرتیاں کر رہی ہے۔ پاکستان میں مختلف شہروں میں دیواروں پر داعش کے پوسٹر بھی لگائے گئے ہیں۔