داعش کا شام کے شہر کوبانی پر بھی تقریباً کنٹرول

بیروت؍ واشنگٹن ۔12اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) داعش کے خلاف امریکی منصوبہ اب تک کامیاب ہوتا دکھائی نہیں دے رہا ہے کیونکہ اس گروپ نے کوبانی پر بھی تقریباً کنٹرول حاصل کرلیا ہے اور بغداد کے مغرب میں عراقی فوج کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔ امریکی زیرقیادت اتحادی فوج نے داعش پر /8 اگست کو عراق اور /23 ستمبر کو شام میں فضائی حملوں کا سلسلہ شروع کیا ۔ صدر امریکہ بارک اوباما کا منصوبہ یہ تھا کہ داعش کو تباہ و تاراج اور اسے رسواء کیاجائے لیکن اب تک اس ضمن میں کوئی پیشرفت نہیں ہوئی ہے ۔

شام اور عراق میں اس کے برعکس داعش کا کنٹرول بڑھ رہا ہے ۔ کوبانی میں گزشتہ چند دن کے دوران داعش نے اپنی تعداد میں غیرمعمولی اضافہ کردیا ہے اور یہاں گھمسان کی لڑائی جاری ہے ۔ اسی طرح عراق میں دوسرے بڑے شہر موصل پر بھی داعش کا قبضہ ہے ۔ اس دوران عراق کے صوبہ انبار کونسل کے صدر صباح القروط نے امریکہ سے خواہش کی ہے کہ وہ زمینی فوج روانہ کرے تاکہ ملک کا یہ سب سے بڑا صوبہ داعش کے قبضے میں نہ چلا جائے ۔ انہوں نے یہ اپیل ایسے وقت کی جبکہ بغداد میں آج 3 خودکش بم دھماکے ہوئے جس میں 60 افراد ہلاک اور 120 سے زائد زخمی ہوگئے ۔ یہ سوال بھی ابھر رہا ہے کہ امریکی زیرقیادت فضائی حملوں کے باوجود کوبانی میں داعش کو ختم نہیں کیا جاسکا ، ایسے میں شام اور عراق کے کئی علاقوں پر جہاں داعش کا کنٹرول ہے ، اسے کس طرح بے اثر کیا جاسکتا ہے ۔

کوبانی پناہ گزینوں کیلئے 3.9ملین یورو امداد
براسلس۔12اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام) یوروپی کمیشن نے شام کے محصورہ سرحدی ٹاؤن کوبانی سے جان بچاکر آنے والے پناہ گزینوں کی امداد کیلئے انسانی بنیادوں پر 3.9ملین یورو(4.9ملین ڈالر) کی امداد دی ہے ۔ زائد از 180,000شامی شہری بے گھر ہوکر ترکی میں پناہ لئے ہوئے ہیں ۔ کوبانی میں گھمسان لڑائی سے یہ علاقہ تباہ ہوا ہے ۔ یہاں پر شدید انسانی بحران پیدا ہوا ہے ۔ اس کمیشن نے شام کیلئے انسانی بنیادوں پر جملہ 150یورو امداد دینے کا اعلان کیا ہے ۔ ترکی سرحد سے متصل کوبانی میں گذشتہ تین ہفتوں کے دوران دولت اسلامیہ کے جنگجو کردش مزاحمت کاروں سے لڑرہے ہیں ۔