واشنگٹن2 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام)امریکی قیادت میں شام پر فضائی حملوں میں شرکت کے معاملے پر برطانوی قوم دو حصوں میں تقسیم ہوگئی ہے۔ برطانوی قانون سازوں کے درمیان اس مسئلے پر جاریہ ہفتے رائے شماری ہوگی۔حالیہ سروے سے ظاہر ہوتا ہے کہ عمومی طور پر یورپی باشندے داعش کے خلاف فوجی کارروائی کی حمایت کرتے ہیں۔ لیکن برطانیہ میں ایک واضح مخالفت بھی موجود ہے۔ اس لئے قانون دانوں کے لئے وہاں بمباری کرنے کے عہد پر عمل کرنا مشکل معاملہ ہے۔سروے کرنے والے ایک برطانوی ماہر، یوگوو کا کہنا ہے کہ 59 فیصد شہری داعش پر فضائی حملے کے حامی ہیں۔’وائس آف امریکہ‘ نے 300 برطانوی شہریوں کے ساتھ ایک سروے کیا، جس میں سے 44 فیصد لوگوں کو اس بات کا یقین تھا کہ شام میں داعش پر حملہ برطانوی مفاد میں ہے۔ لیکن 36 فیصد کی رائے تھی کہ یہ حملہ برطانیہ کے مفاد میں نہیں، جبکہ 20 فیصد نے کوئی رائے نہیں دی۔تاہم تقریباً تمام لوگوں کی رائے تھی کہ مسلح جنگجو ملک کے لئے خطرہ ہیں۔ ان میں سے نصف کا کہنا تھا کہ فوجی کارروائی ہی مسئلے کا حل ہے۔