وی ایچ پی کارکنوں کی اشتعال انگیزی ، راجوری میں کرفیو میں نرمی
سرینگر۔ 22 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) علیحدگی پسند تنظیم جے کے ایل ایف کے کارکنوں اور لان گیٹ کے آزاد رکن اسمبلی شیخ عبدالرشید نے جموں کے علاقہ راجوری میں وشوا ہندو پریشد کے کارکنوں کی جانب سے اسلامک اسٹیٹ (داعش) کے پرچم کو نذرآتش کئے جانے کے خلاف احتجاج کیا۔ اقلیتی گروپوں کا دعویٰ ہے کہ وی ایچ پی کارکنوں کے اقدام سے دل آزاری ہوئی ہے کیونکہ اس پرچم پر عربی کلمات درج تھے۔ جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ (جے کے ایل ایف) کے کارکن آج ریسیڈنسی روڈ پر جمع ہوگئے اور عیدالفطر (18 جولائی) کو وی ایچ پی کارکنوں کی جانب سے ایک سیاہ پرچم نذرآتش کئے جانے کے خلاف احتجاج کیا اور کہا کہ اس پرچم پر عربی کلمات درج تھے۔ پولیس نے بروقت کارروائی کی اور لاٹھی چارج کے ذریعہ احتجاجیوں کو منتشر کردیا۔ اس دوران لان گیٹ کے آزاد رکن اسمبلی شیخ عبدالرشید اور ان کے حامیوں نے ریسیڈنسی روڈ سے لال چوک کی سمت احتجاجی جلوس نکالنے کی کوشش کی تاہم کوٹھی باغ پولیس اسٹیشن کے قریب انہیں احتیاطی تحویل میں لے لیا گیا۔ وی ایچ پی کارکنوں کی جانب سے داعش پرچم نذرآتش کئے جانے کے بعد راجوری ٹاؤن میں پیدا شدہ کشیدگی کے پیش نظر کرفیو نافذ کیا گیا تھا جس میں آج نرمی پیدا کی گئی۔