داعش نے کابل خودکش حملوں کی ذمہ داری قبول کرلی

بیروت 21 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) آئی ایس گروپ نے کل افغانستان میں وزارت مواصلات کے قریب ہوئے دھماکہ کی ذمہ داری قبول کرلی ہے جس میں 10 افراد ہلاک ہوگئے تھے ۔ آئی ایس گروپ نے سوشیل میڈیا پر اپنے ایک بیان میں کہا کہ آئی ایس کے چار جہادیوں نے دھماکو مادوں کو وزارت کے قریب نصب کیا تھا ۔ اس کے بعد ان کی افغان سکیوریٹی فورسیس کے ساتھ جھڑپ بھی ہوئی اور فائرنگ کا تبادلہ ہوا ۔ کابل کے وسط میں ہوئے اس حملے میں سات عام شہری اور سکیوریٹی فورسیس کے چار اہلکار ہلاک ہوگئے تھے ۔ وزارت داخلہ نے آج یہ بات بتائی ۔ کہا گیا ہے کہ آج تین افراد زحموں سے جانبر نہ ہوسکے ۔ وزارت داخلہ نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ تمام خود کش بمباروں کو ہلاک کردیا گیا ہے اور تقریبا 2000 نفوس پر مشتمل عملہ کے ارکان کو بچالیا گیا ہے ۔ کابل پولیس کے سربراہ جنرل سعید محمد روشن دل نے بتایا کہ حملہ آور پولیس وردی میں ملبوس تھے ۔