داعش نے برطانوی یرغمال کا سرقلم کردیا

لندن ۔ /14 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) آئی ایس آئی ایس (داعش) نے برطانوی یرغمال ڈیویڈ ہینس کو ہلاک کردیا ۔ آج جاری کردہ ویڈیو میں برطانوی یرغمال اور امدادی کارکن ڈیویڈ ہینس کا سر قلم کرتے ہوئے دکھایا گیا ۔ وزیراعظم برطانیہ نے اس کارروائی پر شدید ردعمل کا اظہار کیا اور ڈیویڈ ہینس کے قاتل ’’بھوتوں‘‘ کا تعاقب کرنے اور انہیں تباہ و برباد کرنے کا عہد کیا ۔ وزیراعظم نے یہ اشارہ دیا ہے کہ وہ عراق اور شام میں داعش دہشت گردوں کے خلاف فضائی حملوں کی اجازت دے سکتے ہیں ۔ انہوں نے ایک جذباتی بیان میں ہینس کو ’’برطانوی ہیرو‘‘ قرار دیا اور کہا کہ اس پر سارے برطانیہ کو فخر ہے ۔ ڈیویڈ ہینس دوسرے برطانوی یرغمال ہیں جنہیں داعش نے قتل کیا ہے ۔ اس ویڈیو میں داعش نے ایک اور برطانوی یرغمال کو دکھایا ہے اور جس کا نام ایلن ہیننگ ہے اور یہ نارنجی رنگ کے کپڑے پہنے ہوئے ہے ۔

داعش نے کہا کہ اگلا نشانہ ہیننگ ہوگا ۔ ڈیویڈ کیمرون نے ڈاؤننگ اسٹریٹ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈیویڈ ہینس کو انتہائی بے دردی کے ساتھ قتل کیا گیا جس کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا اور یہ کارروائی ایک ایسی تنظیم نے کی ہے جو برائی کی منہ بولی تصویر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم ڈیویڈ ہینس کے ذمہ دار قاتلوں کا تعاقب کریں گے اور ان سے پورا پورا بدلہ لیا جائے گا خواہ اس کیلئے کتنا ہی وقت درکار ہو ۔ ڈیویڈ ہینس ایک امدادی کارکن تھا وہ عوام کو نقصان پہونچانے کیلئے نہیں بلکہ ان کی مدد کیلئے وہاں گیا تھا ۔ وہ بلقان سے لیکر مشرق وسطیٰ تک اپنی سرگرمیاں انجام دے رہا تھا ۔ وزیراعظم نے کہا کہ دوسروں کی مدد کرنے ڈیویڈ ہینس کی عین خواہش اس کی موت کا سبب بن گئی ۔ انہوں نے کہا کہ ڈیویڈ ہینس کے ارکان خاندان کی طرح سارا ملک آج رنجیدہ ہے اور ہم کو ڈیویڈ ہینس کے انسانیت پر مبنی مشن پر فخر ہے وہ ایک برطانوی ہیرو تھا ۔ کیمرون نے داعش کے ویڈیو جاری کئے جانے کے بعد سرکاری ایمرجنسی کوبرا کمیٹی کی صدارت کی ۔ انہوں نے داعش کو شیطانی اور سنگدل تنظیم قرار دیا ۔

وہ عراق اور شام میں ہزاروں مسلمانوں ، عیسائیوں اور اقلیتوں کا قتل عام کررہی ہے ۔ وہ اسلام کے نام پر ظالمانہ کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے اور ان کا یہ عمل انتہائی بے مقصد ہے ۔ اسلام ایک پرامن مذہب ہے ، وہ مسلمان نہیں بلکہ وہ بھوت ہیں ۔ انہوں نے خبردار کیا کہ داعش برطانیہ پر حملے کا منصوبہ بنارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم ان خطرات کو نظرانداز نہیں کرسکتے ہیں ۔ ڈیویڈ کیمرون کے تبصرے سے یہ واضح اشارے مل رہے ہیں کہ عنقریب داعش کے خلاف فضائی حملے شروع کئے جاسکتے ہیں ۔ اس دوران برطانیہ نے آج اس بات کی توثیق کردی ہے کہ دولت اسلامیہ کے دہشت گرد گروپ کی جانب سے ایک برطانوی ورکر کا سرقلم کرتے ہوئے بتایا گیا ویڈیو حقیقی ہے ۔ یہ امدادی ورکر ڈیوڈ ہینس تھا جسے داعش کے لوگوں نے قتل کیا ہے ۔ ویڈیو میں بتایا گیا ہے کہ ڈیوڈ ہینس کو جسے 2013ء میں شام کے اندر عسکری گروپ نے گرفتار کرلیا تھا گھٹنوں کے بل بٹھاکر گلاکاٹتے ہوئے دکھایا گیا ہے ۔ دفتر خارجہ نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ اس ویڈیو میںبتائے گئے تمام تصاویر حقیقی ہیں ۔داعش نے اس سے پہلے امریکہ کے دو صحافیوں کا بھی سرقلم کیا تھا ۔