واشنگٹن ۔ 20 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ میں ایک 19 سالہ لڑکے کے خلاف آئی ایس آئی ایس میں شمولیت پر فردجرم عائد کیا گیا ہے۔ یہ دہشت گرد عراق و شام کے کئی حصوں پر قبضہ کرچکا ہے اور مشرق وسطیٰ میں علاقائی امن کیلئے سنگین خطرہ بن گیا ہے۔ امریکہ کے ایک اٹارنی ایم لوگر نے کہاکہ 19 سالہ حمزہ احمد جڑواں شہر منی پولیس سے تعلق رکھنے والا چوتھا نوجوان ہے، جس کے خلاف یہ فردجرم عائد کیا گیا ہے۔ دہشت گرد تنظیم میں شمولیت کیلئے شام کا سفر کرنے یا سفر کی کوشش کے واقعات پر جاری تحقیقات کے نتائج کی بنیاد پر یہ کارروائی کی گئی ہے۔ فردجرم اور عدالت میں پیش کردہ دیگر دستاویزات کے مطابق حمزہ احمد اور اس کے تین ساتھیوں نے منی پولیس سے بس کے ذریعہ نیویارک کا سفر کیا تھا اور جان ایف کینڈی انٹرنیشنل ایرپورٹ پہنچے تھے۔ ان چاروں نے 8 نومبر 2014ء کو جان ایف کینڈی ایرپورٹ سے بین الاقوامی طیارہ کے ذریعہ پرواز کا منصوبہ بنایا تھا۔ حمزہ احمد اور ایک دوسرے نوجوان نے جان ایف کینڈی انٹرنیشنل ایرپورٹ سے استنبول روانگی کی غرض سے اسی طیارہ کا ٹکٹ بک کروایا تھا۔ دیگر تین نوجوانوں کو طیاروں میں سوار ہونے سے روک دیا گیا تھا لیکن حمزہ طیارہ میں سوار ہونے میں کامیاب ہوگیا تھا۔ تاہم امریکی کسٹمس اور سرحدی حفاظتی ایجنٹوں نے حمزہ کو بھی روک لیا۔