داعش سے متاثر نوجوانوں کو ایس آئی ٹی نے تحویل میں لیا

حیدرآباد ۔ /5 جنوری (سیاست نیوز) داعش سے متاثر تین نوجوان جنہیں ناگپور ایرپورٹ پر گرفتار کیا گیا تھا آج  اسپیشل انوسٹی گیشن ٹیم (ایس آئی ٹی)  نے  7 دن کی پولیس تحویل میں لے لیا ہے ۔ کل بارہویں ایڈیشنل چیف میٹروپولیٹین مجسٹریٹ نے عبداللہ باسط ، معاذ حسن فاروقی اور سید عمر فاروق حسینی کو 7 دن کی پولیس تحویل میں دینے کے احکامات جاری کئے تھے اور آج ایس آئی ٹی نے چیرلہ پلی جیل سے تینوں نوجوانوں کو اپنی تحویل میں لے لیا ۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس ایس آئی ٹی مسٹر ہری کمار نے حراست میں لئے گئے نوجوانوں کو جوائنٹ کمشنر آف پولیس ڈیٹکٹیو ڈپارٹمنٹ مسٹر ٹی پربھاکر راؤ کے روبرو پیش کیا اور کل نوجوانوں کو ناگپور لے جایا جائے گا جہاں پر نوجوانوں نے خانگی ٹراویل ایجنسی سے سری نگر کے فلائیٹ کے ٹکٹس خریدے تھے اور بعض تھیٹرس میں فلم بھی دیکھا تھا ۔ واضح رہے کہ مذکورہ تین نوجوان جو داعش میں شمولیت کیلئے مبینہ طور پر سرینگر جانے کی کوشش کررہے تھے انھیں گزشتہ ہفتے مہاراشٹرا اے ٹی ایس نے ناگپور ایرپورٹ پر حراست میں لیکر تلنگانہ پولیس کے حوالے کردیا تھا ۔