داعش سے رابطہ کا شبہ ‘ 4 ملزمین کی درخواست ضمانت مسترد

حیدرآباد ۔ 29 اگسٹ ۔ ( سیاست نیوز) نامپلی کریمنل کورٹ کے چوتھے ایڈیشنل میٹرو پولیٹن سیشن جج و این آئی اے کورٹ نے آج داعش سے رابطہ کے الزام میں گرفتار چار نوجوانوں کی درخواست ضمانت مسترد کردی ۔ محمد ابراہیم یزدانی ، حبیب محمد ، محمد الیاس یزدانی ، عبداللہ بن محمد العمودی کے وکیل مسٹر ایم اے عظیم نے درخواست ضمانت داخل کی تھی ، جس پر جج نے این آئی اے کے وکیل کی بحث کے بعد درخواست ضمانت کو مسترد کردیا۔ این آئی اے کے وکیل نے عدالت میں یہ استدلال پیش کیا کہ 30 جون سال 2016 ء میں گرفتار نوجوانوں کا تعلق بین الاقوامی دہشت گرد تنظیم داعش سے ہے اور ان نوجوانوں نے مبینہ طورپر شہر و ملک کے اہم مقامات کو نشانہ بنانے کیلئے اسلحہ و گولہ بارود حاصل کیا تھا ، جسے این آئی اے نے ناکام بناتے ہوئے انھیں گرفتار کرلیا تھا ۔ اس کیس میں مزید تحقیقات جاری ہے اور داعش کے آلہ کاروں کی گرفتاری کیلئے بھی کوششیں جاری ہونے کا دعویٰ کئے جانے پر عدالت نے نوجوانوں کی درخواست ضمانت مسترد کردی۔