نیویارک 20 مارچ (سیاست ڈاٹ کام)اقوامِ متحدہ کا کہنا ہے کہ عراق میں داعش کے جنگجووں کی جانب سے یزدی اقلیت کے قتل عام سے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ وہ اْن کی نسل کشی کرنا چاہتے ہیں۔ بین الاقوامی فوجداری عدالت داعش کے خلاف مقدمہ چلائے۔ اقوامِ متحدہ کی ایک تازہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ داعش یزدیوں کو ایک گروہ سمجھتے ہوئے انھیں تباہ کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ہزاروں یزدی گذشتہ موسمِ گرما میں داعش کی شمالی عراق کی جانب پیش قدمی کی وجہ سے اپنے دیہات چھوڑ کر چلے گئے تھے، جن میں سے بہت سے یا تو مارے گئے تھے یا انھیں قید کر لیا گیا۔واضح رہے کہ یزدی ایک قدیم عقیدے پر قائم ہیں جسے داعش کے شدت پسند شیطان کی عبادت کرنا سمجھتے ہیں۔اقوامِ متحدہ کی جانب سے جاری ہونے والی یہ رپورٹ ایک سو سے زیادہ لوگوں کے انٹرویوز پر مبنی ہے۔ یہ وہ لوگ ہیں جوگذشتہ برس جون سے فروری تک عراق میں ہونے والے حملوں میں بچ گئے تھے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یزدی آبادی والے کچھ دیہات مکمل طور پر خالی ہو گئے ہیں۔