دارجلنگ میں ہڑتال جاری، جی جے ایم لیڈر برطرف

دارجلنگ (مغربی بنگال) ۔ یکم ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) دارجلنگ پہاڑیوں میں جاری غیر معینہ ہڑتال آج برقرار رہی جبکہ جی جے ایم سربراہ بمل گرونگ نے پارٹی کنوینر بنئے تمانگ کو اُن کے عہدہ سے برطرف کرتے ہوئے 12 ستمبر تک ہڑتال کو معطل کرنے کے اُن کے فیصلے کو منسوخ کردیا۔ گرونگ نے گورکھا جن مکتی مورچہ قیادت کی ایمرجنسی میٹنگ بھی طلب کی ہے تاکہ تمنگ اور ایک دیگر ممبر آنت تھاپا کو پارٹی سے خارج کیا جاسکے۔ کل رات سے اِس ہڑتال کو جاری رکھنے کی تائید میں احتجاجوں سے پہاڑی خطے کے کئی حصے اُتھل پتھل کا شکار ہوئے ہیں۔ کل شب غیر معینہ بند کی تائید میں ریالیاں دارجلنگ، کرسیانگ، میرک، سوناڈا اور کلمپونگ میں نکالی گئیں۔ جی جے ایم میں داخلی اختلافات کے بارے میں پہاڑیوں کے عوام میں موجود اُلجھن بڑھتی ہی جارہی ہے۔ جب بعض تاجرین نے اپنے دوکانات کھولنے کی کوشش کی تو پولیس کے مطابق جی جے ایم کے حامیوں نے اُنھیں زبردستی بند کرادیا۔