دارجلنگ میں علیحدہ ریاست خارج از امکان : مرکزی وزیر

اگرتلہ 31 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر ایس ایس اہلووالیہ نے آج مغربی بنگال کی دارجلنگ پہاڑیوں اور تریپورہ قبائیلی علاقوں کی خود مختار ڈسٹرکٹ کونسل میں علیحدہ ریاستوں کی تشکیل کو خارج ازامکان قرار دیا۔ اُنھوں نے کہاکہ کسی بھی خطے کو تقسیم کرتے ہوئے کوئی نئی ریاست تشکیل دینے کی صورت میں متعلقہ ریاست کو سرکاری تجویز بھیجنا ہوتا ہے اور نئی ریاست قائم کرنے کے پس پردہ منطق کو بیان کرنا پڑتا ہے۔ نہ تو مغربی بنگال اور نہ ہی تریپورہ کی حکومتوں نے ابھی تک ایسی کوئی تجویز مرکز کو بھیجی ہے۔ لہذا مغربی بنگال اور تریپورہ میں نئی ریاستیں تشکیل دینے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ مملکتی وزیر برائے پارلیمانی اُمور و زراعت یہاں اخباری نمائندوں سے مخاطب تھے۔ اُنھوں نے زور دیا کہ دارجلنگ میں مسائل کی یکسوئی بات چیت کے ذریعہ کرلینا چاہئے۔