دارجلنگ (مغربی بنگال)۔3 جولائی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) جی جے ایم نے مرکز سے خواہش کی کہ علحدہ گورکھا لینڈ کے مسئلہ پر بات چیت کا احیاء کیا جائے اور کہاکہ یہ صرف نظم و قانون کا مسئلہ نہیں ہے ، حالانکہ داراجنگ ہلز میں علحدہ گورکھا لینڈ کے مطالبہ پر احتجاج پرتشدد ہوگیا ۔ دارجلنگ کی پہاڑیو ں میں ایک گاڑی کو نذر آتش کردیا گیا جبکہ دیگر دو گاڑیوں کو تباہ کردیا گیا ۔ جی جے ایم قائد نے کہا کہ یہ صرف نظم و قانون کا مسئلہ نہیں ہے ۔ دریں اثناء پارٹی کارکنوں نے چوک بازار میں احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں بچوں نے روایتی علاقائی لباس پہن کر شرکت کی۔ اسکولس کی تعطیلات میں غیرمعینہ مدت تک توسیع کردی گئی ہے جبکہ کل سے تمام تعلیمی ادارے کھل جانے والے تھے ۔ بند کی وجہ سے جس کا آج 19 واں دن تھا معمولات زندگی مفلوج رہے ۔ دوا ساز کمپنیاں ، میڈیکل ہالس ، دوکانوں ، اسکولس ، کالجس ، ہوٹلس اور خانگی دفاتر آج بند رہے ۔