ریل نٹ ورک بچھانے ابراہیم بن عبداللہ مسقطی کا مطالبہ
حیدرآباد ۔ یکم ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : حیدرآباد میٹرو ریل سے شہر میں ایک نیا تجارتی انقلاب پیدا ہوگا ۔ عوامی سہولتوں میں اضافہ سے عوام کی زندگیوں میں خوشحالی آئے گی ۔ سارے شہر میں میٹرو ریل کا جال بچھایا جارہا ہے ۔ ایسے میں پرانا شہر کے بعض حصوں کو جان بوجھ کر اس پراجکٹ سے محروم رکھنا دراصل عوام کو ترقی و خوشحالی سے محروم رکھنے کے مترادف ہے اور کسی بھی حکومت سیاستدانوں اور سیاسی جماعتوں کو پرانا شہر کی ترقی میں رکاوٹ بننے نہیں دیا جائے گا ۔ ان خیالات کا اظہار جناب ابراہیم بن عبداللہ مسقطی سابق ایم ایل اے و سابق ایم ایل سی نے عوام کے ایک نمائندہ وفد سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ جن میں ٹی آر ایس اور دیگر سیاسی جماعتوں کے قائدین بھی شامل تھے ۔ جناب مسقطی کو بتایا کہ پرانا شہر کی اس اہم ترین روٹ ( دارالشفاء تا میر کا دائرہ ) پر میٹرو ریل نٹ ورک بچھایا جانا ضروری ہے ۔ اس سے پرانا شہر کے اس حصہ کے مکینوں کو ترقی کے ثمرات حاصل کرنے میں مدد ملے گی ۔ مسقطی نے پر زور انداز میں کہا کہ جائیدادیں ہماری ، نقصان اور فائدہ ہمارا ایسے میں دوسروں کو مداخلت کا کوئی حق نہیں وہ اس روٹ پر میٹرو ریل نیٹ ورک بچھانے کے لیے عوام کے ساتھ جدوجہد ضرور کریں گے ۔ حصول اراضیات کا جہاں تک معاملہ ہے اگر نیٹ ورک اس روٹ پر بچھایا جاتا ہے تو ان کی بھی کچھ اراضی جائے گی ۔ جس کے لیے وہ تیار ہیں ۔ اس وفد میں مسرس راشد شریف ، صدر محمد احمد شریف ، حسین باجابر ، ابراہیم باجابر ، محمد حیدر ، ایم اے قدیر ، حیدر علی ، حامد شریف ، ایم اے صدیق ، محمد اعظم ، خواجہ عزیز اللہ ، سلطان بن علی ، سالم بن محمد ، منیف بن محمد ، محمد فرحان ، فاروق حسین ، ایم اے سلیم ، محمد غوث ، محمد حسین ، انور بھائی ، محمد محسن ، رشاد فاروق ، ڈی وکاس ، گوپیشور ، بی کمار ، کرشنا ، عبدالروف اور دیگر شامل تھے ۔ ان افراد نے بتایا کہ وہ میٹرو ٹرین کے لیے اپنی اراضیات دینے کے لیے تیار ہیں۔ وہ چاہتے ہیں کہ پرانا شہر کے عوام کو بھی نئے شہر والوں کی طرح ترقی کے ثمرات حاصل ہوں ۔ واضح رہے کہ میٹرو پراجکٹ کی 6 مرحلوں میں تکمیل عمل میں آئے گی ۔ پہلے مرحلہ میں ناگول تا میٹو گوڑہ ، دوسرے مرحلہ میں میاں پور تا ایس آر نگر ، مرحلہ تین کے تحت میٹو گوڑہ تا بیگم پیٹ ، مرحلہ چار میں بیگم پیٹ تا شلپارمم ، پانچویں مرحلہ میں ایس آر نگر تا ایل بی نگر اور چھٹے مرحلہ میں جوبلی بس اسٹیشن تا فلک نما میٹرو لائن کی تعمیر عمل میں آئے گی ۔ اس طرح جون 2017 میں اس پراجکٹ کی تکمیل کا منصوبہ بنایا گیا ہے ۔ فلک نما تا شمس آباد اور گچی باولی تا ٹولی چوکی اور وہاں سے لکڑی کا پل تک بھی میٹرو لائن بچھائی جارہی ہے ۔ اسی دوران بی جے پی اقلیتی مورچہ کے ریاستی صدر جناب حنیف علی نے بھی کہا ہے کہ وہ دارالشفاء تک میر کا دائرہ سلطان شاہی تک میٹرو ریل پراجکٹ کو توسیع مطالبہ کی بھر پور تائید کرتے ہیں ۔ اس کے لیے وہ مقامی عوام کے ساتھ مل کر ممکنہ کوشش کرینگے ۔۔