دارالشفاء تا بی بی بازار چوراہا تعمیراتی کام میں تساہل

بلدیہ اور آبرسانی عملہ کی لاپرواہیوں کے باعث ایک سال سے شہریوں کو مشکلات
حیدرآباد ۔ 5 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : شہر میں مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی کارکردگی سے شہریوں کی زندگی کو اجیرن بنادیا گیا ہے ۔ بلدی عہدیدار برائے نام ترقیاتی کاموں کے دعوے کررہے ہیں جب کہ حقیقت کا جائزہ لیا جائے تو شہر سے کچرے کی نکاسی کے انتظامات بھی مناسب ڈھنگ سے انجام دینے میں بلدیہ کی جانب سے کوتاہی کی جارہی ہے ۔ ترقیاتی و تعمیراتی کاموں کے لیے بلدی عہدیداروں کی جانب سے ٹنڈر کی منظوری کے وقت ہی کام کی تکمیل کی مدت کا تعین کیاجاتا ہے لیکن ان کاموں کی اندرون مدت تکمیل سے متعلق کوئی عملی اقدامات نہیں کئے جاتے ۔ پرانے شہر کی انتہائی اہم و مصروف ترین سڑک دارالشفاء ، منڈی میر عالم ، اعتبار چوک ، کوٹلہ عالیجاہ ، بی بی بازار چوراہے پر جاری بلدی و آبرسانی عملہ کے تعمیراتی کام گزشتہ ایک برس سے زیادہ کے عرصہ سے جاری ہیں لیکن ان کی عاجلانہ تکمیل سے متعلق بارہا توجہ دہانی کے باوجود کوئی اقدامات نہیں کئے جاریہ ہیں ۔ جس کی وجہ سے مذکورہ سڑک کی حالت انتہائی خطرناک ہوچکی ہے ۔ اسی طرح اس سڑک سے گزرنے والے راہگیروں کو اور تاجرین کو مٹی ، دھول وغیرہ کے سبب مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ شہر حیدرآباد میں مختلف علاقوں میں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیں تو اس بات کا اندازہ ہوتا ہے کہ 90 فیصد ترقیاتی و تعمیراتی کام مقررہ مدت میں انجام نہیں پاتے لیکن ان کاموں کے اخراجات کی ادائیگی میں بلدی عہدیدار کوئی ریمارکس نہیں لکھتے بلکہ بسا اوقات تعمیراتی کاموں کی تکمیل میں ہونے والی تاخیر سے تخمینی لاگت میں اضافہ بھی جاری کردیا جاتا ہے ۔ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے تعمیر کردہ سڑک کو کھودنے کے لیے قبل از وقت اجازت نامہ حاصل کیا جانا ضروری ہے لیکن فی الحال شہر میں ایک خانگی موبائیل کمپنی کی جانب سے فائبر آپٹک کی تنصیب کے لیے نئی تعمیر کردہ سڑکیں کھودی جارہی ہیں لیکن انہیں روکنے والا کوئی نہیں ہے جب کہ پولیس کو بھی اس بات کا اختیار حاصل ہے کہ وہ سڑک کھودنے والوں سے انہیں مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے دی گئی اجازت طلب کرے لیکن شہر میں جاری سرگرمیوں پر ہرگوشہ سے اختیار کردہ خاموشی شہریوں کے لیے مسئلہ بن رہی ہے ۔ کنٹراکٹرس کا کہنا ہے کہ وہ جانتے ہیں کہ سڑک کی تعمیر کے بعد اس کی کھدائی غیر قانونی ہے لیکن کیا کریں جب اوپر سے احکام وصول ہوتے ہیں تو کرنا پڑتا ہے ۔ اپوگوڑہ بریج ، ہاشم آباد سڑک ، چندرائن گٹہ ، بابا نگر ، بندلہ گوڑہ میں جاری تعمیراتی کاموں میں ہورہی تاخیر کو فوری دور کرنے کی ضرورت ہے تاکہ عوام کو سہولتوں کی فراہمی میں دشواریوں کو دور کیا جاسکے ۔ ان علاقوں میں گہما گہمی کے باعث عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ عوام نے بلدی عہدیداروں سے اپیل کی ہے کہ عہدیدار جن سڑکوں پر تعمیراتی کام جاری ہیں ان کاموں کی عاجلانہ تکمیل کے لیے مذکورہ سڑکوں سے چند یوم کے لیے ٹریفک کا رخ موڑتے ہوئے دن رات تعمیراتی کام جاری رکھیں تاکہ کاموں کی تکمیل سے عوام کو راحت حاصل ہوسکے ۔۔