نئی دہلی،30مئی(سیاست ڈاٹ کام )مودی حکومت کے آج شام کو ہونے والے حلف برداری پروگرام سے پہلے قومی دارالحکومت میں سیاسی سرگرمیاں تیز ہوگئی ہیں۔بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی)صدر امت شاہ نے نامزد وزیراعظم نریندرمودی سے جمعرات کی صبح ملاقات کی۔ایسا سمجھاجاتا ہے کہ اس میٹنگ میں وزرا کے ناموں کو حتمی شکل دی گئی ہے ۔اس کے بعد پارٹی جنرل سکریٹری بھوپیندر یادو اور پیوش گوئل نے مسٹر شاہ سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔بی جے پی کے پارٹی جنرل سکریٹری رام لال بھی وہاں موجود تھے ۔مسٹر یادو بہار کے پارٹی انچارج بھی ہیں اور لوک سبھا انتخابات میں پارٹی کو ملی جیت میں ان کا اہم رول رہا ہے ۔لوک جن شکتی پارٹی کے سربراہ رام ولاس پاسوان کا وزیر بننا طے ہے ۔ان کی رہائش گاہ پر صبح سے ہی پیش گی مبارکباد دینے والوں کی بھیڑ لگی ہوئی ہے ۔بہار کے وزیراعلی اور جنتا دل (یونائیٹیڈ )کے سربراہ نتیش کمار سے بھی ان کی پارٹی کے نومنتخب ارکان پارلیمنٹ ملاقات کررہے ہیں۔ذرائع کے مطابق ،مسٹر مودی نے حلف برداری سے پہلے کابینہ میں شامل ہونے والے اراکین کو چائے پر بلایا ہے ۔میڈیا رپورٹوں کے مطابق،مسٹر دھرمیندر پردھان،مختار عباس نقوی،ڈی بی سدانند گوڑا،گریراج سنگھ،اکالی دل سے منتخب ہرسمرت کور بادل اور بی جے پی رکن پارلیمنٹ بابل سپریو نے کہا ہے کہ انہیں وزیراعظم کے دفتر سے چائے پر ملاقات کرنے کے لئے بلایا گیا ہے ۔