AK-47کی قیمت 2.5لاکھ روپئے اور پستول 50ہزار روپئے
نئی دہلی ۔22اگست ( سیاست ڈاٹ کام) ملک کے دارالحکومت نئی دہلی میں بڑھتے جرائم کی صورتحال جہاں تشویشناک ہوگئی وہیں آتشی اسلحہ کا حصول کسی قدر آسان ہوگیاہے ۔اے کے ۔47 ‘ چینی ساختہ پستول اور دیگر اسلحہ گینگسٹر یا دہشت گردوں کے پاس موجود ہیں جو انہیں شہر کے اسلحہ بازار سے بہ آسانی دستیاب ہورہے ہیں ۔ دہلی میں گولی چلانے سے ہلاکتوں کے واقعات میں کافی اضافہ ہوا ہے ۔ چند دن قبل دہلی پولیس کانسٹبل کو لٹیروں نے گولی مار دی تھی اور یہ اپنی نوعیت کا منفرد واقعہ تھا ۔ دہلی پولیس کی انسداد دہشت گردی یونٹ نے بندوق اسمگلنگ کرنے والی ایک بین الاقوامی ٹولی کو حال میں بے نقاب کیا اور ان کے پاس سے عصری اسلحہ و گولہ بارود برآمد کئے ۔ جرائم کے متعدد واقعات میں دیسی ساختہ پستول یہاں تک کہ ہندوستانی ساختہ بندوقوں کا استعمال ختم ہوچکاہے اور آٹومیٹک ہتھیار استعمال کئے جارہے ہیں ۔ دہلی کے بازار میں پستول 50ہزار روپئے ‘ سیلف لوڈنگ رائفل 1.5لاکھ روپئے اور دہشت گردوں کی پسندیدہ اے کے ۔47 2.5لاکھ میں دستیاب ہے ۔والٹر پی پی کے تین لاکھ روپئے حاصل کیا جاسکتا ہے ۔ دہلی پولیس نے تقریباً 500 غیرقانونی آتشی اسلحہ اور 6553 گولہ بارود کی اشیاء برآمد کی ہے ۔ دہلی میں اسلحہ کا یہ چلن پولیس کیلئے چیلنج بن گیا ہے کیونکہ دہلی کی مارکٹ میں غیرقانونی اسلحہ کی بھرمار ہے ۔ پولیس کے ایک سینئر عہدیدار نے اعتراف کیا کہ پاکستان کی دہشت گرد تنظیمیں نیپال کے راستے ملک کے مختلف حصوں میں دہشت گردوں اور گینگسٹر کو اسلحہ فروخت کررہے ہیں ۔ اس تجارت میں درمیانی افراد بھی کافی منافع حاصل کرتے ہیں ۔