دارالامن فنکشن پیالیس میں آج سیاست وا یم ڈی ایف کا دوبدو پروگرام

مختلف شعبہ حیات کے سینکڑوں رشتے دستیاب ، جناب زاہد علی خاں صدارت کریں گے

حیدرآباد ۔ 21 ۔ جون : ( دکن نیوز ) : ادارہ سیاست و مینارٹیز ڈیولپمنٹ فورم کے زیر اہتمام 32 واں دوبدو ملاقات پروگرام اتوار 22 جون کو 10 بجے دن دارالامن فنکشن پیالیس مہدی پٹنم ، آصف نگر روڈ پر مقرر ہے ۔ مسلم لڑکوں و لڑکیوں کی شادیوں کو طئے کرنے کے سلسلہ میں موزوں اور مناسب رشتوں کے انتخاب کے لیے والدین و سرپرستوں کے مابین باہمی مشاورت کے لیے یہ پروگرام بہ پابندی منعقد کیا جاتا ہے ۔ اس سلسلہ میں کل دفتر ایم ڈی ایف پر مجلس عاملہ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں دوبدو پروگرام منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ دوبدو پروگرام کے جلسہ کی صدارت جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر روزنامہ سیاست کریں گے ۔ جناب عابد صدیقی صدر ایم ڈی ایف خیر مقدم کریں گے ۔ توقع ہے کہ اس جلسہ میں ریاست تلنگانہ کے ممتاز قائدین بحیثیت مہمان خصوصی شریک ہوں گے ۔ دوبدو پروگرام میں اس بار ایم بی بی ایس ، بی ڈی ایس ، فارمیسی ، انجینئرنگ ، گریجویٹس ، پوسٹ گریجویٹس ، انٹر میڈیٹ ، ایس ایس سی ، عالم فاضل حافظ اور دیگر زمروں کے سینکڑوں پیامات والدین کے ملاحظہ کے لیے دستیاب رہیں گے ۔ جناب عابد صدیقی نے بتایا کہ پہلی مرتبہ اسکرین پر لڑکوں و لڑکیوں کے بائیو ڈاٹاس اور فوٹوز کا مشاہدہ کرنے کی سہولت فراہم کی جارہی ہے ۔ عقد ثانی کے لیے علحدہ کاونٹر رکھا گیا ہے ۔ انہوں نے والدین و سرپرستوں سے خواہش کی ہے کہ وہ 21 جون تک دفتر ایم ڈی ایف پر اپنے لڑکوں و لڑکیوں کے پیامات کا رجسٹریشن کروائیں اس کے علاوہ 22 جون کو دارالامن فنکشن ہال میں 10 بجے دن سے رجسٹریشن کروانے کی سہولت حاصل رہے گی ۔ اس مقصد کے لیے انہیں دو عدد فوٹوز اور دو بائیو ڈاٹاس اپنے ہمراہ لانا ہوگا ۔ ایک علحدہ کمپیوٹر سکشن بھی رہے گا ۔ جہاں والدین و سرپرست کمپیوٹر پر لڑکوں و لڑکیوں کے فوٹوز و بائیو ڈاٹاس کے ذریعے موزوں رشتے کا انتخاب کرسکیں گے ۔ اجلاس میں جناب اقبال احمد خاں ، ایم اے قدیر ، ڈاکٹر ایس اے مجید ( نائب صدور ) ، سید ناظم الدین ، احمد صدیقی مکیش ، محترمہ شاہین افروز ، عابدہ بیگم ، شاہد حسین ، محمد نصر اللہ خاں و دیگر اراکین شریک تھے ۔ دوبدو پروگرام کے سلسلہ میں مختلف کمیٹیاں بھی تشکیل دی گئی ہیں جو باقاعدہ انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے کام کرے گی ۔ تفصیلات کے لیے جناب ایم اے قدیر نائب صدر سے 9394801526 پر تفصیلات حاصل کی جاسکتی ہے ۔۔