دادری واقعہ پر ملائم سنگھ کا جھوٹا دعویٰ: بی جے پی

نئی دہلی۔/28جنوری، ( سیاست ڈاٹ کام ) دادری واقعہ میں بی جے پی کے 3لیڈروں کے ملوث ہونے سے متعلق سماج وادی پارٹی سربراہ ملائم سنگھ یادو کے دعویٰ پر جوابی حملہ کرتے ہوئے بی جے پی نے آج کہا کہ دراصل اتر پردیش حکومت کی ناکامیوں کی پردہ پوشی کیلئے یہ ایک ناکام کوشش ہے۔ بی جے پی کے نیشنل سکریٹری سریکانت شرما نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ملائم سنگھ یادو نے یہ بیان ریاست میں اسمبلی انتخابات کے پیش نظر عوام کی توجہ ہٹانے کیلئے دیا ہے جبکہ سماج وادی پارٹی کے 4سالہ دور حکومت میں امن و قانون کی صورتحال ابتر ہوگئی ہے۔ بی جے پی کا یہ رد عمل ملائم سنگھ یادو کے اس دعویٰ کے بعد آیا ہے کہ دادری واقعہ میں بی جے پی کے تین قائدین ملوث ہیں اور وزیر اعظم نریندر مودی کی خواہش پر ان کے ناموں کا انکشاف کرچکے ہیں۔ بی جے پی لیڈر نے کہا کہ دادری واقعہ پر ریاستی انتظامیہ کو مرکزی حکومت کو پیش کردہ رپورٹ میں کسی سازش یا بیف کا تذکرہ نہیں کیا گیا ہے، جس کے پیش نظر اب یہ رپورٹ غلط ہوگی یا پھر ملائم سنگھ کا دعویٰ جھوٹا ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ سماج وادی پارٹی سربراہ کے بیان سے مایوسی ظاہر ہوئی ہے، انہیں اقتدار سے محرومی کا خدشہ لاحق ہوگیا ہے۔