الہ آباد ۔ یکم اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) الہ آباد ہائیکورٹ نے دادری میں بیف کے استعمال کے شبہ پر ہجومی تشدد کے درمیان ایک شخص اخلاق احمد کو بے رحمی سے زدوکوب میں ہلاک کرنے کے واقعہ کے کلیدی ملزم وشال رانا کی ضمانت آج منظور کردیا۔ جسٹس پرتیوش کمار نے گزشتہ روز رانا کی ضمانت منظور کی تھی۔ باور کیا جاتا ہے کہ رانا نوئیڈہ کے ایک بی جے پی لیڈر کا بیٹا ہے۔ ستمبر 2015 ء کے دوران 50 سال سے زائد عمر کے ایک شخص محمد اخلاق کو جنونی ہجوم نے ضلع گوتم بدھ نگر کے دادری میں دیویژن کے تحت واقع گاؤں بساڈا میں بے رحمانہ زدوکوب میں ہلاک کردیا تھا۔ اخلاق کے بیٹے دانش کو بھی ہجوم نے بُری طرح پیٹا تھا۔ گاؤ دہشت گردوں کے جنونی ہجوم نے اس شبہ پر کہ اخلاق کے گھر میں بیف رکھا اور استعمال کیا گیا ہے آدھی رات کو زبردستی گھر میں گھس کر حملہ کردیا تھا۔