نیویارک ۔ 6 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیرمالیات ارون جیٹلی نے یو پی میں بڑے جانور کے گوشت کی افواہ اور اس کے بعد ایک مشتعل ہجوم کے ذریعہ ایک مکان پر حملہ کرتے ہوئے اسے تہس نہس کرنے اور خاندان کی کفالت کرنے والے شخص کی زدوکوب سے ہوئی موت کے واقعہ کی زبردست مذمت کی اور کہا کہ اس نوعیت کے واقعات سے ملک کی شبیہہ بگڑ رہی ہے۔ کولمبیا یونیورسٹی میں اپنے ایک لیکچر کے بعد اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہندوستانی سماج ایک بردبار سماج ہے اور ہمیں اس نوعیت کے واقعات سے بچنے کی ضرورت ہے کیونکہ اس سے ملک کا نام روشن نہیں بلکہ بدنام ہوتا ہے۔ اخباری نمائندوں نے ان سے پوچھا تھا کہ ایک ایسے وقت جب ہندوستان بیرونی سرمایہ کاروں کو راغب کررہا ہے، دادری جیسے واقعات پر ان کی کیا رائے ہے، جس کا ارون جیٹلی نے مندرجہ بالا جواب دیا۔ یاد رہے کہ گذشتہ ہفتہ یو پی کے دادری گاؤں میں یہ افواہیں پھیل گئی تھی کہ ایک مسلمان کے گھر میں گائے کا گوشت استعمال کیا جارہا ہے اور اس کی توثیق کئے بغیر ایک مشتعل ہجوم نے مکان پر حملہ کرتے ہوئے ایک 50 سالہ شخص اخلاق کو ہلاک کردیا تھا جبکہ اس کا بیٹا دانش شدید زخمی حالت میں ہاسپٹل میں زیرعلاج ہے۔