داخلی سلامتی پر عنقریب ہند۔بحرین معاہدہ

نئی دہلی 23 فبروری (سیاست ڈاٹ کام )ہندوستان اور بحرین عنقریب داخلی سلامتی پر معاہدہ پر دستخط کریں گے۔ اس کے علاوہ دفاعی معاہدے پر بات چیت شروع کی جائے گی ۔ دونوں ممالک نے مختلف شعبوں بشمول انسداد دہشت گردی پر باہمی روابط کو موثر بنانے میں دلچسپی ظاہر کی ہے ۔ بحرین کے وزیر خارجہ شیخ خالد بن محمد الخلیفہ نے آج وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی اور کہا کہ ان کا ملک انسداد دہشت گردی ‘سکیوریٹی اور ڈیفنس میں ہندوستان کے ساتھ باہمی روابط کو مستحکم بنانے کا خواہاں ہے ۔ دونوں ممالک نے کل جوائنٹ کمیشن اجلاس میں مختلف امور کا جائزہ لیا ۔ اس اجلاس کی ال خلیفہ اور وزیر امور خارجہ سشما سوراج نے مشترکہ طور پر صدارت کی تھی۔