داخلی خودمختاری کی بحالی نیشنل کانفرنس کا سیاسی ایجنڈا:مصطفی کمال

سری نگر، 5 دسمبر (سیاست ڈاٹ کام) نیشنل کانفرنس کے معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفی کمال نے کہا کہ جموں وکشمیر کی اندرونی خودمختاری کی بحالی نیشنل کانفرنس کا سیاسی ایجنڈا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کو پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کی دوستی کی پیشکش کا مثبت جواب دیکر دیرینہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اقدامات اٹھانے چاہیں۔ مصطفی کمال نے بدھ کو ان باتوں کا اظہار نیشنل کانفرنس کے بانی مرحوم شیخ محمد عبداللہ کی 113ویں سالگرہ کے سلسلے میں سری نگر کے مضافاتی علاقہ نسیم باغ میں واقع اُن کے مقبرہ پرمنعقدہ ایک تقریب کے حاشئے پر نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا ‘ہماری ریاست کو اندرونی خودمختاری حاصل تھی۔ وہ متواتر مرکزی سرکاروں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ہم سے چھینی گئی ۔ وہ اندرونی خودمختاری ہمیں آئین ہند کے تحت حاصل تھی۔ سلب کی گئی اندرونی خودمختاری کو اسی ہیئت میں واپس حاصل کرنا ہمارا سیاسی ایجنڈا ہے ‘۔ مصطفی کمال نے ہندو پاک دوستی کی وکالت کرتے ہوئے کہا ‘ہم ملک کے وزیر اعظم نریندر مودی پر زور ڈالتے رہیں گے کہ وہ پاکستان کی طرف دوستی کا ہاتھ بڑھائیں۔ پاکستان نے پہلے ہی دوستی کا ہاتھ بڑھایا ہے ۔ اس کا مثبت جواب دینا چاہیے ۔ مسئلہ کشمیر گزشتہ 70 برسوں سے لٹکا ہوا ہے ۔ اس مسئلے کی وجہ سے دونوں ملک کے درمیان رسہ کشی ہے اور تین کھلی جنگیں ہوئی ہیں۔ اس میں کرگل کی جنگ بھی شامل ہے ‘۔ انہوں نے کہا ‘گزشتہ تیس برس سے تباہی ، بربادی اور خون ریزی کا بازار گرم ہے ۔ ہماری خوشحالی کی ضمانت ہند و پاک دوستی میں پوشیدہ ہے ‘۔