دائیں بازو کے غلبہ کیخلاف عوامی جدوجہد پر زور

پڈوچیری ۔ 25 ۔ مارچ (سیاست ڈاٹ کام) سی پی آئی نے اعتراف کیا ہے کہ بائیں بازو کی جماعتیں گزشتہ انتخابات میں کمزور ہوگئی تھیں جس سے عوام کو مایوس ہونا پڑا ہے ۔ سی پی آئی نے بائیں بازو میں وسیع تر جمہوری اتحاد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دائیں بازو کی جماعتوں میں ہونے والے استحکام نے بائیں بازو کی جماعتوں کو یہ موقع فراہم کیا ہے کہ وہ سخت گیر دائیں بازو کی جماعتوں کے منصوبوں اور کارروائیوں کو بے نقاب کریں۔ سی پی آئی کے جنرل سکریٹری پی سدھاکر ریڈی نے کہا کہ ’’بائیں بازو کی جماعتیں کمزور ہوگئی ہیں۔ جنہوں نے گزشتہ عام انتخابات میں عوام کو کسی حد تک مایوس کیا ہے لیکن کمزوری کے باوجود بائیں بازو کے حوصلہ پست نہیں ہوئے ہیں ۔ مسٹر سدھاکر ریڈی نے اپنی پارٹی کی 22 ویں کانگریس کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ دائیں بازو کے غلبہ نے ایک نیا چیلنج پیش کیا ہے جس سے بائیں بازو کو یہ موقع فراہم ہوا ہے کہ وہ دائیں بازو کے ان منصوبوں کو بے نقاب کریں اور ان کے خلاف لڑنے کیلئے عوام کو متحرک کریں۔ بلا شبہ یہ دشوار کن امر ہے لیکن صرف بائیں بازو کی جماعتیں ہی یہ کام کرسکتی ہیں ‘‘۔