حیدرآباد ۔ یکم جولائی (سیاست نیوز) مرکزی وزارت اقلیتی امور کے سکریٹری ڈاکٹر اروند مایارام نے تیقن دیا کہ دائرۃ المعارف کی ترقی سے متعلق پراجکٹ کو مرکزی وزیر اقلیتی امور نجمہ ہبت اللہ جلد منظوری دیں گی۔ دائرۃ المعارف کے ڈائرکٹر پروفیسر مصطفی شریف نے گزشتہ دنوں نئی دہلی پہنچ کر ڈاکٹر اروند مایارام کو پراجکٹ رپورٹ حوالے کی۔ بتایا جاتا ہے کہ نجمہ ہبت اللہ بیرونی دورہ سے 7 جولائی کو واپس ہوں گی اور اقلیتی بہبود کے عہدیداروں کے ساتھ دائرۃ المعارف کی پراجکٹ رپورٹ کا جائزہ لیتے ہوئے اسے منظوری دیں گی۔ مرکزی وزارت اقلیتی امور کے سکریٹری کی خصوصی دلچسپی سے دائرۃ المعارف میں کئی برسوں سے زیر التواء پراجکٹس کی تکمیل کی راہ ہموار ہوئی ہے۔ ڈاکٹر مایارام نے حال ہی میں حیدرآباد کا دورہ کرتے ہوئے تلنگانہ حکومت سے پراجکٹ رپورٹ روانہ کرنے کی خواہش کی تھی۔ 37 کروڑ 71 لاکھ روپئے پر مشتمل پراجکٹ رپورٹ تیار کی گئی جسے حکومت کی منظوری کے بعد مرکزی وزارت اقلیتی امور میں داخل کیا گیا۔ اس پراجکٹ کے تحت دائرۃ المعارف میں موجود تاریخی اور نادر عربی کتابوں اور مخطوطات کا انگریزی زبان میں ترجمہ کیا جائے گا ۔ کتابوں کو آفسیٹ مشین پر دوبارہ پرنٹنگ کے علاوہ ڈیجیٹلائیزیشن کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے ۔ دائرۃ المعارف میں دو لاکھ سے زائد نادر کتابیں اور مخطوطات موجود ہیں جو 40 مختلف مضامین کا احاطہ کرتے ہیں۔ ڈائرکٹر دائرۃ المعارف نے بتایا کہ 800 سال قدیم نادر و نایاب کتابیں موجود ہیں جن کے مطالعہ اور ریسرچ کیلئے دنیا بھر سے ریسرچ اسکالر حیدرآباد پہنچتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میڈیکل سائنس ، میاتھس ، لٹریچر اور دیگر اہم شعبوں سے متعلق کتابیں عربی زبان میں موجود ہیں۔ دائرۃ المعارف کی عظمت رفتہ کی بحالی کیلئے تین ماہ قبل پراجکٹ تیار کیا گیا تھا جسے مرکزی حکومت نے منظوری سے اتفاق کرلیا ۔ مرکزی حکومت 5 مرحلوں میں گرانٹ ان ایڈ کے طور پر رقم جاری کرے گی۔ توقع ہے کہ پہلے مرحلہ میں 7 کروڑ روپئے جاری کئے جائیں گے۔ اگست سے پراجکٹ پر عمل آوری کا آغاز ہوسکتا ہے۔